Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے دو نوتعمیر شدہ مساجد پاکستان کے حوالے کر دیں

سعودی عرب نے پاکستان  کے عوام کے لیے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی طرز پر تعمیر کی گئی دو مساجد حکومت پاکستان کے حوالے کر دی ہیں۔
اکتوبر 2005 کے زلزلے کے بعد سعودی حکومت نے جہاں پاکستان میں تعمیر اور بحالی کے دیگر منصوبے شروع کیے وہیں مقامی آبادی کی خواہش  پر دو وسیع و عریض جامعہ ملک عبد العزیز مانسہرہ میں اور جامعہ ملک فہد بن عبدالعزیز مظفر آباد میں تعمیر کی گئیں۔
 سوموار کو اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے میں مساجد کی تکمیل اور انتظامی حوالگی کی تقریب ہوئی جس میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب میں سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ نئی مساجد سعودی حکومت کی جانب سے حکومت پاکستان اور پاکستانی بھائیوں کے لیے تحفہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسجد شاہ عبد العزیز میں 10 ہزار سے زائد اور مسجد شاہ فہد میں چھ ہزار سے زائد نمازیوں کی گنجائش موجود ہے۔ اسی طرح دونوں مسجدوں کے کشادہ صحن ہیں اور عمدہ ڈیزائننگ سے آراستہ ہیں جو خانہ کعبہ اور مسجد نبوی سے مستعار ہیں۔
نواف سعید المالکی کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت ہر قسم کے حالات میں پاکستان کی مددگار رہی ہے۔ حکومت سعودی عرب کی دانشمندانہ قیادت اور فراخ دلانہ حکم نامے کے باعث یہ تعاون جاری ہے جو شاہ عبد العزیز اور ان کے بیٹوں سے ہو کر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود، اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز تک ہے۔
اپنے خطاب میں وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ  2005 کے زلزلے کے بعد  سب سے پہلے برادر ملک سعودی عرب کے ادارے مدد کو پہنچے تھے۔

نواف سعید المالکی کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت ہر قسم کے حالات میں پاکستان کی مددگار رہی ہے۔ (فوٹو: اردو نیوز)

مقامی افراد نے مخیر تنظیموں کو مساجد کی تعمیر کی درخواست کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوبصورت مساجد تعمیر کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ پاکستان کا سعودی عرب سے تاریخی، دینی ، ثقافتی اور روحانی  رشتہ  ہے۔
ہم پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے سعودی سفیر، عوام اور قیادت کا بطور خاص شکریہ ادا کرتے ہیں۔
سعودی حکومت کے تعاون سے جامع شاہ فہد پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے صدر مقام مظفر آباد اور جامع شاہ عبدالعزیز صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر مانسہرہ میں تعمیر کی گئی۔
 

شیئر: