Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خمیس مشیط میں سڑک عبور کرنے والی خواتین حادثے کا شکار

’سوشل میڈیا صارفین نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بلدیہ پر سخت تنقید کی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
خمیس مشیط میں شاہراہ شہزادہ سلطان عبور کرتے ہوئے متعدد خواتین تیز رفتار کار کی وجہ سے حاثے کا شکار ہوگئیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق افسوسناک حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر عام افراد سمیت سرکاری اداروں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عسیر ریجن میں ہلال احمر نے کہا ہے کہ ’کچھ خواتین شاپنگ مال میں جانے کے لیے راستہ عبور کر رہی تھیں کہ اچانک تیز رفتار کار نے انہیں ٹکر مار دی۔‘
ہلال احمر نے کہا ہے کہ ’حادثے کے باعث دو خواتین کو شدید چوٹیں آئیں ہیں تاہم ان میں سے کسی کی ہلاکت نہیں ہوئی۔‘
’حادثہ ہفتہ کے روز ہوا جس کی اطلاع شام 5 بجکر 22 منٹ پر موصول ہوئی۔ دونوں زخمی خواتین کو خمیس مشیط جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔‘
دوسری طرف خمیس مشیط میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’حادثے پر ہمیں شدید افسوس ہے اور ہم امید رکھتے ہیں کہ زخمی خواتین جلد صحت یاب ہوں گی۔‘
بلدیہ نے کہا ہے کہ ’محکمہ ٹریفک کے تعاون سے مذکورہ شاہراہ پر پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ راستہ فراہم کرنے کے لیے کام کا آغاز ترجیحی بنیاد پر شروع ہوچکا ہے۔‘
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’شہر میں ان مقامات کا تعین کیا گیا ہے جہاں مرکزی شاہراہ عبور کرنے کے لیے پل تعمیر کیا جائے گا۔'

’حادثہ ہفتے کو ہوا جس میں دو خواتین زخمی ہوئی ہیں۔‘ ( فوٹو: سبق)

ادھر سوشل میڈیا صارفین نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بلدیہ پر سخت تنقید کی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے کہا ہے کہ ’آخر کیا وجہ ہے کہ سماجی خدمات فراہم کرنے والے ادارے حادثہ رونما ہونے کے بعد متحرک ہوتے ہیں۔‘

شیئر: