Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی طرف سے سوڈان میں سیاسی معاہدے کا خیر مقدم

سعودی عرب سوڈان میں امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی میں مدد دے گا( فوٹو اے ایف پی)
 سعودی عرب نے سوڈان کی فوج اور وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کے درمیان طے پانے والے سیا سی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔
وزارت خارجہ نے بیان میں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ’برادر ملک سوڈان میں فریقین نے مقررہ وقت پر انتخابات کرانے اورعبوری اداروں کی بازیابی نیز آئندہ مرحلے کی ذمہ داریوں سے متعلق اتفاق رائے کرکے قابل قدر کام کیا ہے‘۔ 
سرکاری خبر رساں ایس پی اے کے مطابق سوڈان میں فریقین عوامی امنگیں پوری کرنے میں مدد کےلیے ماہرین کی حکومت تشکیل دینے پر متفق ہو گئے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’ملک کی تمام سیاسی طاقتوں کے درمیان اتحاد و اتفاق کا تحفظ کیا جائے گا اور سیاسی و اقتصادی ثمرات کو ضائع ہونے سے بچایا جائے گا‘ ۔  
سعودی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب سوڈان میں امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی میں مدد دینے والے ہراقدام کا ساتھ دیتا رہا ہے۔ اب بھی دے رہا ہے اور آئندہ بھی دیتا رہے گا۔ اس حوالے سے سعودی عرب کا موقف غیر متزلزل ہے‘۔
 اے ایف پی کے مطابق سوڈان کی فوج نے برطرف کیے گئے وزیراعظم کو ان کے عہدے پر دوبارہ بحال کر دیا ہے۔
 فوج کے سربراہ اور وزیراعظم نے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
14 نکاتی معاہدے پر خرطوم کے صدارتی محل میں دستخط کیے گئے جس کے تحت حکومت بحال اور زیر حراست سیاسی رہنماؤں کو رہا کرنے کی شقیں شامل ہیں۔
قبل ازیں برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے خبر دی تھی کہ امہ پارٹی کے فادللہ برما ناصر نے بتایا کہ معاہدہ سنیچر کی رات گئے کیا گیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’وزیراعظم عبداللہ حمدوک ٹیکنو کریٹس پر مشتمل خود مختار کابینہ تشکیل دیں گے۔ فوج اور سیاسی جماعتوں کے درمیان معاہدے میں یہ بھی طے پایا ہے کہ تمام سیاسی اسیروں کو رہا کیا جائے گا۔‘

شیئر: