Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈانی معزول وزیراعظم گھر واپس آگئے، خرطوم ایئرپورٹ بند

’خرطوم انٹر نیشنل ایئرپورٹ ہر طرح کی پروازوں کے لیے ہفتہ تک بند رہے گا‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
سوڈان کے معزول وزیراعظم عبداللہ حمدوک اپنی رہائش گاہ پر واپس آ گئے ہیں۔
قبل ازیں سوڈان میں فوجی بغاوت کے بعد انہیں متعدد وزرا کے ساتھ حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
العربیہ کے مطابق معزول وزیراعظم کی رہائش گاہ پر فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔
دوسری طرف سوڈانی محکمہ شہری ہوا بازی کے سربراہ ابراہیم عدلان نے کہا ہے کہ ’خرطوم آنے اور جانے والی تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’خرطوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہر طرح کی پروازوں کے لیے ہفتہ تک بند رہے گا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ فیصلہ ملک کے موجودہ حالات کے باعث کیا گیا ہے تاہم سوڈان کی فضائی حدود بین الاقوامی پروازوں کے لیے کھلی رہے گی‘۔
دوسری جانب سوڈان کی مسلح افواج کےسربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ ’ہم سوڈان کی تعمیر و ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے‘۔
 انہوں نے کہا ہے کہ ’ہمیں سوڈانی قوم کی حمایت میں کھڑا ہونا چاہیے۔ مسلح افواج نے سوڈانی قوم کی امنگوں اور خوابوں کی تعبیر کے لیے ہر ممکن لچک دکھائی ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ہم نے کسی ایک گروپ کے سوڈان کے اقتدار پر قبضے کو مسترد کر دیا‘۔
جنرل عبدالفتاح البرہان نے نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ ’جی ہاں، ہم نے وزراء اور سیاست دانوں کو گرفتار کیا ہے لیکن ان میں سے سب کو نہیں، عبداللہ حمدوک کی صحت اچھی ہے اور جب بحران ختم ہو جائے گا تو وہ گھر کو لوٹ آئیں گے‘۔

شیئر: