Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان کی دبئی کے حکمران سے ملاقات

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بدھ  کو دبئی ایکسپو 2020 کا دورہ کیا ہے۔ امارات کے نائب صدر  اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ایکسپو پہنچنے پرخیر مقدم کیا۔  
العربیہ نیٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان خلیجی ممالک کے دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہوئے ہیں۔ 
اماراتی خبر رساں ادارے وام کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اور شیخ محمد بن راشد نے مشترکہ تصورات اور یکساں مستقبل کے دائرے میں دونوں ملکوں اور ان کے برادر عوام کو جوڑنے والے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
 شہزادہ محمد بن سلمان ایکسپو دبئی میں سعودی پویلین اور متحدہ عرب امارات کے پویلین کا دورہ کر رہے ہیں جہاں شائقین کئی گھنٹے سے ان کے خیرمقدم کےلیے موجود ہیں۔
علاوہ ازیں شہزادہ محمد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے موقع پر شاندار استقبال اور میزبانی پرامارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان، امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور ابوظبی کے ولی عہد اور امارات کی مسلح أفواج  کے نائب سربراہ اعلیٰ شیخ محمد بن زاید آل نھیان کا دلی شکریہ ادا کیاہے۔

ایکسپو دبئی میں سعودی پویلین میں شائقین خیرمقدم کےلیے موجود تھے( فوٹو ایس پی اے)

ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے امارات کے صدر، نائب صدراور ابوظبی کے ولی عہد کے نام  علیحدہ ٹیلی گرام میں اس یقین کا اظہار کیا کہ مذاکرات اورمشاورت نے ثابت کر دیا ہے کہ دونوں برادر ملکوں کے تعلقات مضبوط ہیں۔
دونوں ملک تمام شعبوں میں مشاورت اور یکجہتی جاری رکھنے کےلیے پرعزم ہیں۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور اماراتی صدر شیخ خلیفہ بن زاید کی قیادت میں دونوں ملک باہمی تعلقات کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔

شیئر: