Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بحرین پہنچ گئے

سعودی ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بحرین کے سرکاری دورے پر جمعرات کو دوحہ سے منامہ پہنچ گئے۔
بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ استقبال کرنے والوں میں پیش پیش تھے۔ بحرین سعودی ولی عہد کے دورہ خلیج کا چوتھا سٹیشن ہے۔  
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق قبل ازیں شہزادہ محمد بن سلمان بدھ کو ابو ظبی سے قطر کے دورے پر دوحہ پہنچے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ قطر میں مذاکرات نے ثابت کر دیا کہ سعودی عرب اور قطر کے تعلقات مستحکم ہیں۔

ولی عہد جمرات کو دوحہ سے بحرین پہنچے (فوٹو: ٹوئٹر)

دوحہ سے رخصت ہوتے وقت امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے انہیں الوداع کہا۔ اس سے قبل انہوں نے جمعرات کو دوحہ میں شیخ تمیم کے ہمراہ لوسیل سٹیڈیم کا معائنہ کیا جہاں ورلڈ کپ 2022 ٹورنامنٹ کا فائنل میچ ہوگا۔
ولی عہد نے منگل کو خلیجی ممالک کے دورے کا آغاز سلطنت عمان سے کیا تھا۔ وہاں سے وہ امارات اور پھر قطر گئے تھے۔ شہزادہ محمد بن سلمان بحرین  کے بعد کویت پہنچیں گے۔  
یاد رہے کہ اس سے قبل بحرین کے ایوان شاہی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ منامہ پہنچنے پر سعودی ولی عہد کا استقبال کرنے والوں میں سب سے آگے ہوں گے۔  

ولی عہد، شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ کے ساتھ مذاکرات کریں گے (فوٹو: سبق نیوز)

ایوان شاہی نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ سعودی ولی عہد، شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔ دونوں ملکوں کے منفرد، مضبوط اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں اور انہیں فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں علاقائی، عرب اور عالمی حالات حاضرہ بھی دونوں رہنماوں کی گفتگو کا موضوع ہوں گے۔  
ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کا سرکاری استقبال جمعرات کو بحرینی دارالحکومت منامہ کے ’قصر الصخیر‘ میں کیا گیا ۔ فقید المثال استقبال کے موقع پر گارڈ آف آنر دیا گیا۔
ہوائی اڈے سے محل تک سڑک کے دونوں اطراف مقامی شہری سکولوں کی طالبات و طلبہ سعودی عرب کے جھنڈے لہرا کر اپنے معزز مہمان کو خوش آمدید کہتے رہے ۔

طلبا و طالبات نے سعودی عرب کے جھنڈے لہرا کر  مہمان کو خوش آمدید کہا (فوٹو، ٹوئٹر)

شہزادہ محمد بن سلمان بھی وقتاً فوقتاً ہاتھ ہلا کر پرجوش استقبالیہ نعروں کا جواب دیتے رہے ۔ گھڑ سوار دستہ بھی استقبالیہ میں شامل تھا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے بحرین کے اعلیٰ عہدیداروں سے جو استقبال کے لیے پہنچے ہوئے تھے مصافحہ کیا ۔ شاہ بحرین معزز مہمان سے عہدیداروں سے تعارف بھی کراتے رہے ۔  

شیئر: