Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 لیبرمارکیٹ میں خلاف ورزیوں پرجرمانوں کا نیا چارٹ جاری

خلاف ورزیوں سے نمٹنے کےلیے جرمانے بھی مقرر کئے گئے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے لیبر مارکیٹ میں رونما ہونے والی مسلسل تبدیلیوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے نئی خلاف ورزیوں کا چارٹ جاری کر دیا ہے۔  خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے لیے جرمانے بھی مقرر کیے گئے ہیں۔  
اخبار 24 کے مطابق وزارت افرادی قوت نے توجہ دلائی ہے کہ سعودی لیبر مارکیٹ کے منظر نامے کے جائزے کے بعد 1442ھ کے آخر میں نئی حکمت عملی جاری کی گئی تھی ۔ یہ ایوان ہائے صنعت و تجارت کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے تیار کی گئی تھی۔
وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود نے نئی خلاف ورزیوں کا جو چارٹ جاری کیا ہے وہ لیبر مارکیٹ کی اصلاح میں معاون ثابت ہوگا ۔ اس حوالے سے نئے ضوابط اور قواعد طے کیے گئے ہیں۔  
تجارتی اداروں پر جرمانوں کا فیصلہ اس ادارے کے حجم اور خلاف ورزی کے اثرات کو مدِ نظر رکھ کر کیا گیا ہے جتنا بڑا ادارہ ہوگا اور جس درجے کی خلاف ورزی ہو گی اسی لحاظ سے جرمانہ بھی ہوگا۔  

خلاف ورزی کی رپورٹ پر60 دن کے اندر اعتراض کیاجاسکتا ہے (فوٹو، ٹوئٹر)

وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ملازمین کی تعداد کو مدِ نظر رکھ کر اداروں کو تین زمروں میں تقسیم کیا ہے ۔ پہلے زمرے میں ایسے اداروں کو رکھا گیا ہے جن کے ملازمین کی تعداد 51 یا اس سے زیادہ ہو۔
زمرہ بی میں ان اداروں کو شامل کی گیا ہے جن کے کارکنان کی تعداد 11 سے 50 کے درمیان ہو۔ زمرہ ج میں دس اور اس سے کم ملازمین والے اداروں کو رکھا گیا ہے۔
وزارت افرادی قوت نے خلاف ورزی کی سنگینی کا معیار یہ مقرر کیا ہے کہ اس سے لیبر مارکیٹ پر کیا اثر پڑے گا ملازمین کے حقوق کس حد تک متاثر ہوں گے۔ پرکشش ملازمت کا ماحول کس حد تک متاثر ہوگا۔
وزارت محنت نے خلاف ورزی کے اندراج پر آجر کو 60 روز کے اندر اندر فیصلے کو چیلنج کرنے کا اختیار بھی دیا ہے ۔ جس روز آجر کو خلاف ورزی کی رپورٹ ہوگی اس دن سے 60 روز کے اندر اندر اسے آن لائن اعتراض کے اندراج کا اختیار حاصل ہوگا۔  
وزارت افرادی قوت نے نجی اداروں کو خلاف ورزیوں کے حوالے سے ضروری سہولیات بھی دی ہیں جو درجہ ذیل ہیں: 
خلاف ورزی کا اندراج پہلی بار کیا جا رہا ہو تو ایسی صورت میں جرمانے کی رقم 80 فیصد تک کم کر دی جائے گی۔
فی خلاف ورزی سعودی کو روزگار فراہم کرنے پر کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا تصفیہ کر دیا جائے گا اور جرمانے کی شرح 80 فیصد تک کم کر دی جائے گی۔  
کاروبار کے پہلے سال کے دوران نئے اداروں اور نئے کاروباریوں کی خلاف ورزی ریکارڈ پر آنے کی صورت میں انہیں آگے ایسا نہ کرنے کی تنبیہ کر کے چھوڑ دیا جائے گا۔  

شیئر: