Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اکھلیش نے5 سالہ دورمیں میری توہین کی ،ملائم

لکھنو...سماج وادی پارٹی کے بانی اور سابق صدر ملائم سنگھ یادو نے اپنے بیٹے اور یوپی کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اکھلیش نے اپنے 5سالہ دور حکومت میں میری توہین کی۔ اپنی زندگی میں کبھی اتنی زیادہ ذلت محسوس نہیں کی جتنی گزشتہ 5سال میں اکھلیش دور حکومت میں سامنا کرنا پڑا۔ کسی نے بھی بے عزتی کرنے کی ہمت نہیں کی مگر افسوس اس بات پر ہوتا ہے کہ اپنی ہی اولاد سے ایک عرصے تک ذلیل ہوتا رہا۔ انہوں نے کہاکہ اپنے بیٹے اکھلیش کو یوپی کا وزیراعلیٰ بنایا جبکہ پورے ملک میں یہ روایت موجود ہے کہ کسی بھی باپ نے اپنی زندگی میں اپنی اولاد یا بیٹے کو اقتدار نہیں سونپا۔ اس حقیقت کے باوجود اکھلیش نے مسلسل اذیت پہنچائی۔ یہی نہیں کسی معاملے پر اکھلیش کو کچھ ہدایت دینا چا ہتا تھا تو اس پر توجہ نہیں دی جاتی تھی۔ مشکل سے 5منٹ کیلئے اکھلیش مجھ سے بات کرتا تھا۔ یوپی میں سماج وادی کی شکست کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ملائم سنگھ نے اپنے بیٹے کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میری ہدایت کے باوجود اکھلیش نے اپنے چچا شیوپال یادو کو کابینہ میں واپس نہیں لیا ۔ شیوپال یادو نے سماج وادی پارٹی کو مستحکم کرنے میں جو کردار ادا کیا ہے اسکے بارے میں کھلیش کو زیادہ علم نہیں۔ واضح رہے کہ یوپی اسمبلی کے حالیہ انتخابات میں سماج وادی پارٹی کو 403رکنی اسمبلی میں صرف 47نشستیں ملی ہیں۔ ملائم نے کہا کہ جس طرح کی پالیسی اکھلیش یادو نے اختیار کی تھی اس سے تو یہی نتیجہ نکلنا تھا۔ الیکشن مہم کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے بالکل درست کہا تھا کہ ایک ایسے شخص پر کسی کو بھروسہ نہیں ہوسکتا جو اپنے باپ کیلئے بھی وفادار ثابت نہ ہوا ہو۔ وزیراعظم کی یہ بات اس وقت اکھلیش کو بری لگی تھی لیکن وزیراعظم نے بالکل درست کہا تھا ۔

 

شیئر: