Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ گراؤنڈ پر قبضہ، سابق کپتان سرفراز احمد پر الزامات کی حقیقت کیا ہے؟

ترجمان سندھ حکومت نے سرفراز احمد پر لگائے گئے الزامات کو غلط قرار دیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سنہ 2017 میں میئر کراچی وسیم اختر کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے لیے نارتھ ناظم آباد میں ایک گراؤنڈ دیا گیا تھا تاہم سابق کپتان پر اسی گراؤنڈ پر قبضے کا الزام لگایا گیا ہے۔
یہ الزام کس حد تک درست ہے؟ اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر کراچی اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے وضاحت کی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کالج اور کرکٹ گراؤنڈ کے حوالے سے بدھ کو بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر وہاں پر کالج چل رہا ہے تو کالج کا حصہ مختص ہے اور اگر وہاں کھیلوں کا میدان ہے تو وہ کالج کا حصہ نہیں ہے وہ الگ ہے۔‘
’یہ گراؤنڈ اُس وقت کے میئر نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے لیے دیا تھا۔‘
ترجمان سندھ حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد پر لگنے والے الزامات کے حوالے سے کہا کہ ’جو تاثر دیا جا رہا ہے کہ کوئی شخص کسی کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہا ہے تو یہ غلط ہے۔‘
سرفراز احمد اور نارتھ ناظم آباد کراچی میں موجود کرکٹ گراؤنڈ کے تنازع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ’کرکٹ گراؤنڈ کے دو دروازے ہیں۔ ایک کالج کے قریب ہے مگر گراؤنڈ سے ہوتا ہوا جاتا ہے۔‘
’اگر اُس دروازے کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے کھولا جائے گا تو گراؤنڈ خراب ہوگا جس وجہ سے کرکٹ اکیڈمی نے فیصلہ کیا کہ وہ دروازہ استعمال نہیں کیا جائے گا۔‘
صحافی عمران صدیق نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سابق کپتان سرفراز احمد پر کالج کی پرنسپل کے الزامات بےبنیاد ہیں، جس زمین پر سرفراز احمد کرکٹ اکیڈمی قائم ہے وہ کے ایم سی کی ملکیت ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد اُس اکیڈمی کو سرفراز احمد کرکٹ اکیڈمی کا نام دیا گیا، سابق کپتان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم افسوس ناک ہے۔‘
منگل کے روز سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں گورنمنٹ ڈگری کالج نارتھ ناظم آباد کی پرنسپل حسین فاطمہ نے طلبہ کے ساتھ ایک بیان میں الزام لگایا کہ ’میں نے سات ایکڑ کے گراؤنڈ کا چارج لیا ہے لیکن کرکٹر سرفراز احمد نے اس گراؤنڈ پر قبضہ کررکھا ہے۔‘
کالج کی پرنسپل نے مزید کہا کہ ’کراچی کی 14 ٹیمیں یہاں موجود ہیں جو یہاں کھیلنے آئی تھیں لیکن یہاں پر تالے لگا دیے گئے۔‘
ویڈیو میں طالب علموں کو نعرے لگاتے دیکھا جاسکتا ہے جس میں وہ سرفراز احمد سے گراؤنڈ سے قبضہ ختم کروانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف رب نواز بلوچ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کالج کے گراؤنڈ پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ کالج کی پرنسپل اور طلبہ نے سندھ حکومت اور انتظامیہ سے کالج کے گراؤنڈ سے قبضہ ختم کروانے کی اپیل کی ہے۔‘

شیئر: