Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لالو کا خاندان پھر تنازعات کی زد میں

پٹنہ ....راشٹریہ جنتا دل کے لیڈر لالو پرساد کا خاندان ایک مرتبہ پھر تنازعات کی زد میں آگیا ہے۔ ان کے بیٹے اور نائب وزیراعلیٰ پر الزام لگایا گیا ہے کہ پٹنہ کے چڑیا گھر میں گڑھوں کی بھرائی کیلئے جو مٹی خریدی گئی ہے وہ اس جگہ سے اٹھائی گئی ہے جو لالو کے بیٹے کی ملکیت ہے۔ اس جگہ کی مالک کمپنی میں تیج پرتاپ، تیجسوی، ربری دیوی اور انکی بہنوں کے حصص ہیں۔تیج پرتاپ، نتیش حکومت میں وزیر ہیں۔ چڑیا گھر میں فٹ پاتھ تعمیر کرنے اور گڑھوں کی بھرائی کیلئے کمپنی کو 90لاکھ روپے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ اپوزیشن جماعت بی جے پی نے نتیش کمار حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرائے۔ادھر لالو پرساد نے کہا ہے کہ ہم کسی بھی تحقیقات کیلئے تیار ہیں۔ ہم چڑیا گھر کیلئے مفت میں اوپلے بھی دینے کو تیار ہیں۔ راشٹریہ جنتا دل کی خاتون ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعلیٰ تیجسوی پرساد یادو نے پہلے ہی وضاحت کردی ہے کہ معاہدہ 90لاکھ کا نہیں 44لاکھ کا ہے اور یہ صرف مٹی کی خریداری کیلئے دیا گیا ہے جبکہ سارے قواعد و ضوابط پورے کئے گئے ہیں۔جب ان سے کہا گیا کہ کنٹریکٹ کسی ٹینڈر کے بغیر دیا گیا ہے اور مٹی ٹرکوں میں بھر کر رات کے وقت چڑیا گھر پہنچائی گئی تو ایک اور ترجمان کاکہناتھا کہ ایسا اسلئے کیا گیا کہ چڑیا گھر کے جانورڈسٹرب نہ ہوں۔

شیئر: