Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الجوف ریجن میں ’سردی کا تحفہ‘ المجرش کھجور

ایک کلو مجرش 30 تا 50 ریال  میں دستیاب ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے الجوف ریجن میں موسم سرما کے دوران بیٹھکوں اور مہمان خانوں کی زینت ’المجرش نامی کھجور‘ ہوتی ہے۔ یہ سیاہ اور شہد کے رنگ سے ملتی جلتی ہے۔
مقامی لوگ اسے موسم گرما میں ذخیرہ کرتے ہیں اور موسم سرما میں استعمال کرتے ہیں۔ اسے موسم سرما کی مٹھائی بھی کہا جاتا ہے۔ 
الجوف ریجن میں ہر گھر میں مہمانوں کو ’سردی کا تحفہ‘ المجرش کھجور پیش کی جاتی ہے۔ یہاں کے لوگ اس کھجور کو ضیافت کی علامت اور مہمان کے اعزاز کا حصہ سمجھتے ہیں جب بھی کسی کے یہاں کوئی مہمان پہنچتا ہے تو سب سے پہلے سعودی قہوے کے ساتھ المجرش پیش کی جاتی ہے۔

اسے موسم گرما میں ذخیرہ کیا جاتا ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

ایس پی اے کے مطابق کھجوروں کے کاشتکار سلطان الفالح نے بتایا کہ ’المجرش بیٹھکوں، مہمان خانوں اور اونٹوں کے ڈیروں میں آنے والوں کو پیش کی جاتی ہے۔ مقامی باشندے ایک دوسرے کو تحفے کے طور پر بھی المجرش پیش کرتے ہیں۔ ماضی میں یہ اہل جوف کی اہم خوراک ہوتی تھی۔ اسے موسم گرما میں محفوظ کرکے موسم سرما میں استعمال کیا جاتا تھا۔ اب اسے موسم سرما کی مٹھائی کے طور پراستعمال کیا جارہا ہے۔ 
 اس کھجور کی تیاری اور اسے محفوظ کرنے کی خاص کارروائی ہوتی ہے۔ نخلستانوں میں پھل آنے کے وقت سے ہی اس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ کھجوروں کی پیداوار جس قدر عمدہ ہوگی اتنا ہی ان کا ذائقہ اچھا ہوگا۔ کھجوروں کو مجرش کی شکل دینے کے لیے ٹھنڈ میں رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ اس کے بعد ہی اسے شکر کے ٹکڑوں کی شکل دی جاتی ہے تاکہ وہ حلوے کی صورت اختیار کرسکیں۔ 


مقامی باشندے ایک دوسرے کو تحفے کے طور پر بھی پیش کرتے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

سعودی کاشتکار نے کہا کہ اب اسے تجارتی اعتبار سے منافع بخش بنانے کے لیے کافی کام کیا ہے۔ مملکت بھر میں اس کی مارکیٹنگ کی جاتی ہے۔ ایک کلو مجرش 30 تا 50 ریال میں دستیاب ہے۔ 
کھجوروں اور نخلستانوں کے قومی مرکز کے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ الجوف ریجن میں 9 لاکھ 84 ہزار 48 کھجوروں کے درخت ہیں۔ ان میں سے 7 لاکھ 98 ہزار 649 پھل دار ہیں۔ ان س 43 ہزار 203 ٹن کھجوریں نکلتی ہیں۔ 34 ہزار  45 ٹن فروخت کی جاتی ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: