Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودیوں کے نام پر غیر ملکیوں کا کاروبار، اصلاح حال کےلیے ضوابط کیا ہیں؟

 اصلاح حال کی مہلت بدھ 16 فروری کو ختم ہورہی ہے(فوٹو عکاظ)
سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار ’تستر تجاری‘ (تجارتی پردہ پوشی) کے انسداد پر مامور قومی ادارے نے کہا ہے کہ اصلاح حال کی مہلت بدھ 16 فروری 2022 کو ختم ہورہی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق ادارے نے بیان میں کہا کہ ’سعودی اور مقیم غیرملکی جلد از جلد اس مہلت سے فائدہ اٹھائیں تاہم انہیں مارکیٹ کے ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔‘ 
’تستر تجاری‘ کی جانب سے تجارتی اداروں کو کہا گیا ہے ’انہیں سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کے خلاف قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔‘ 
بیان کے مطابق ‘کاروباری اداروں کے پاس موثر سجل تجاری (کمرشل رجسٹریشن) اور  تمام کوائف کا اپ ڈیٹ ہونا ضروری ہے۔ کاروبار کے لیے ضروری اجازت نامے موجود ہوں۔ بینک میں ادارے کے نام سے اکاؤنٹ ہونا چاہیے۔ لین دین کے حوالے سے نجی اکاؤنٹ استعمال نہ کیے جارہے ہوں‘۔ ’تستر تجاری‘  کا کہنا ہے کہ ’کاروباری اجازت ناموں کی تجدید  کے ساتھ ادارے کے پتے بھی اپ ڈیٹ ہوں۔ ادارہ کا اندراج تنخواہوں کی بروقت ادائیگی پروگرام میں ہونا چاہیے جبکہ کارکنان کی تنخواہوں کے ڈیٹا کا اندراج بھی کرایا جائے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ ملازمت کے معاہدے آن لائن درج کرائے جاچکے ہوں۔ غیر قانونی کارکن ملازمین کی فہرست میں شامل نہ ہوں۔ ادارے کے تمام مالیاتی لین دین کا ریکارڈ موجود اور اس حوالے سے تمام قوانین کی پابندی کی جائے‘۔’تستر تجاری‘ کا کہنا ہے کہ ’غیرملکی کے ہاتھ میں ادارے کو چلانے والے مکمل اختیارات نہ ہوں۔ آن لائن ادائیگی کی سہولت۔ بل جاری کرنے اور محفوظ کرنے کے آن لائن سسٹم  کی موجودگی بھی ضروری ہے‘۔
’ادارے اور اس کی سرگرمیوں کی فنڈنگ قانونی طریقے سے کی گئی اور اس کا ریکارڈ تیار کیا جارہا ہو۔ اقتصادی سرگرمیوں سے متعلق ہدایات اورقوانین کی پابندی کی جائے‘۔ 
 ادارے نے اس بات پر زور دیا کہ مارکیٹ کے ضوابط کی پابندی ہی تجارتی اداروں کو کسی شبے اور کارروائی سے بچائے گی۔

شیئر: