شہزادہ فیصل بن فرحان سے یورپی یونین کے نمائندے کی ملاقات، ایران کے ایٹمی پروگرام پر گفتگو
اتوار 20 فروری 2022 19:20
علاقائی و عالمی امن کوششوں اور حالات پر بھی بات چیت کی گئی ہے( فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کو میونخ میں یورپی یونین کے نمائندے برائے امور خارجہ جوزیب بوریل سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور یورپی یونین کے تعلقات اور تمام شعبوں میں انہیں مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین کے درمیان تعاون و یکجہتی کے امور بھی زیر بحث آئے ہیں۔
ملاقات میں ایران کے ایٹمی پروگرام اور اس حوالے سے ہونے والے بین الاقوامی مذاکرات پر موقف کا تبادلہ کیا گیا۔
یمن اور اس کےعوام کے خلاف حوثی دہشت گردوں کی خلاف ورزیاں بند کرانے کے لیے مشترکہ جدوجہد کی تقویت کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
فریقین نےعالمی امن و سلامتی کے استحکام کے لیے کی جانے والی علاقائی و بین الاقوامی کوششوں اور حالات پر بھی بات چیت کی ہے۔
وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی ملاقات میں شریک تھے۔