Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین سے پاکستانیوں کا پولینڈ کی جانب سفر، پی آئی اے کی تیاری مکمل

جنگ چھڑنے کے بعد یوکرین میں پھسنے والے غیرملکیوں میں پاکستانی طلبہ اور دوسرے لوگ شامل ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے نے یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے فضائی آپریشن کی تیاری کر لی ہے۔
دوسری جانب یوکرین میں پاکستانی سفارت خانے نے کہا ہے کہ طلبہ سمیت دیگر پاکستانی شہری پولینڈ کی طرف سفر کر رہے ہیں۔
سنیچر کو یوکرین میں پاکستانی سفارت خانے نے ایک بیان میں پاکستانی شہریوں کے یوکرین کے مختلف شہروں سے پولینڈ انخلا کے حوالے سے کہا کہ ایمبیسی سٹاف کے فیملی ممبرز سمیت 62 افراد کو پہلے ہی یوکرین سے نکال لیا گیا ہے، جبکہ 59 افراد یوکرین، پولینڈ سرحد عبور کر رہے ہیں۔
پاکستانی طلبہ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ 79 افراد سرحدوں کی طرف سفر کر رہے ہیں جن میں ایمبیسی سٹاف کے 12 فیملی ممبرز یوکرین، رومانیہ بارڈر کی جانب، جبکہ 67 طلبہ یوکرین پولینڈ بارڈر کی طرف سفر کر رہے ہیں۔
’کھرکیئف سے 104 طلبہ ٹرین کے ذریعے پہنچ رہے ہیں اور 20 طلبہ کو ایک بس کے ذریعے کیئف سے لایا جا رہا ہے۔‘
سنیچر کو پی آئی اے کے ترجمان ایک بیان میں کہا  کہ اتوار کو دو پروازیں پاکستان سے پولینڈ کے لیے روانہ ہوں گی، جن کے حوالے سے تمام ضروری انتظامات کر لیے گئے ہیں۔
بیان کے مطابق ’بڑے جہازوں کو آپریشن کے لیے یوکرین کی سرحد کے قریب شہروں خصوصاً لبلن ائیرپورٹ پر اتارنے کے حوالے سے انتظامات ناکافی ہیں، اس لیے پروازیں ممکنہ طور پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچیں گی۔‘
تاہم پروازوں کی حتمی روانگی پاکستانی شہریوں کے پولینڈ پہنچنے کے بعد ہو گی۔
بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستانی سفارت خانہ یوکرین میں پاکستانیوں سے رابطہ کر رہا ہے اور ان کو معلومات فراہم کر رہا ہے۔
بیان کے مطابق ’پی آئی اے انتظامیہ اور وزارت خارجہ پاکستان کے سفارتی عملے سے مکمل رابطے میں ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کو روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد پاکستانی طلبہ اور دوسرے لوگوں کی بڑی تعداد بھی یوکرین کے مختلف شہروں میں پھنس کر رہ گئی ہے۔
25 فروری کو یوکرین میں پاکستانی کے سفارت خانے کی جانب سے بتایا گیا کہ وہاں اپنے شہریوں کی مدد کے لیے ترنوپل شہر میں ایک سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے۔
پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ایک ٹویٹ میں اس حوالے سے معلومات فراہم کی گئیں۔
’یوکرین میں پاکستانی سفارت خانے نے ترنوپل شہر میں ایک مرکز اور لیوو ریلوے سٹیشن پر ایک استقبالیہ پوائنٹ بنایا ہے۔ لیوو ریلوے سٹیشن کے لیے ان نمبروں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے، 380932197175، 380633881573۔ جبکہ پاکستانی طلبہ و طالبات کو پولینڈ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستانی سفارت خانے نے ایک اور ٹویٹ میں بتایا کہ ’پولینڈ میں بارڈر کراسنگ کی سہولت کے لیے ٹریڈ اور سرمایہ کاری کے قونصلر زاہد سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ جن کا نمبر یہ ہے 48668059876۔‘
پاکستانی طلبہ و طالبات کے حوالے سے سفارت خانے نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ ’یوکرین میں پاکستانی سفارت خانے نے پہلے ہی 35 طلبہ و طالبات کو اکٹھا کیا ہوا ہے اور جلد ہی انہیں نکال لیا جائے گا۔‘

شیئر: