Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز نے 8 ارب ریال کے 22 معاہدے کرلیے

عسکری و دفاعی آلات مملکت میں تیار کیے جائیں گے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز نے 8 ارب ریال مالیت کے 22 معاہدے کیے ہیں۔
ملکی و بین الاقوامی سپیشلسٹ کمپنیوں کے تعاون و اشتراک سے عسکری و دفاعی آلات مملکت میں تیار کیے جائیں گے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق معاہدوں کے تحت مملکت میں عسکری سسٹم تیار کیے جائیں گے۔ عسکری ٹیکنالوجی اور سہولتوں کا انتظام اندرون مملکت ہوگا۔ سعودی نوجوانوں کو عسکری اور دفاعی صنعتوں میں کام کرنے کا اہل بنایا جائے اور انہیں اس حوالے سے تربیت دی جائے گی۔ 
یاد رہے کہ اتوار6 مارچ  سے سعودی دارالحکومت ریاض میں بین الاقوامی دفاعی نمائش ہورہی ہے جو 9 مارچ تک جاری رہے گی۔ اس میں دنیا بھر کی سیاسی و عسکری اہم شخصیات شریک ہیں۔
 اس موقع پر بری، بحری اور فضائی دفاعی نظام، انفارمیشن سیکیورٹی اور مصنوعی سیاروں کی تیاری سے متعلق مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جارہے ہیں۔
سعودی عرب میں جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز نے سعودی لاک ہیڈ مارٹن لمیٹڈ کے تعاون سے اندرون مملکت میزائل کنٹینرز اور لانچرز کی تیاری کا معاہدہ بھی کیا ہے۔
 سعودی عرب میزائل فضائی دفاعی نظام اندرون ملک تیار کرنے کے دوجامع منصوبوں کی پالیسی پر گامزن ہے۔
سعودی لاک ہیڈ مارٹن لمیٹڈ کے ایگزیکٹیو چیئرمین جوزف فرینک نے کہا کہ کمپنی پچاس سال سے زیادہ عرصے سے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔
سعودی جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریزعسکری استعداد بڑھانے، سٹراٹیجک خودمختاری کو فروغ دینے، اندرون ملک عسکری صنعتوں کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

شیئر: