Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض عالمی دفاعی نمائش میں پاکستانی رائفل BW-20 متعارف

سعودی عرب میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری نے اپنی ڈیزائن کردہ نئی گن BW-20 کو لانچ کر دیا جسے دنیا بھر کے اسلحہ سازوں نے پسند کیا ہے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں عالمی دفاعی نمائش میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری کی جانب سے BW گنز کی سیریز BW-20  گنز کی لانچ کی تقریب ہوئی۔
تقریب میں پاکستان آرڈنینس فیکٹری کے عہدیداروں سمیت اعلی پاکستانی فوجی افسران سمیت غیر ملکی نمائندوں نے شرکت کی۔
BW -20 گنز کے نئے فیچرز میں غیر ملکی اسلحہ ساز کمپنیوں کے نمائندے دلچسپی لے رہے ہیں۔
تقریب میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے ترجمان نے گنز کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جی تھری رائفل کے مقابلے میں BW 20 زیادہ اہم ہے اور اس کی لاگت بھی کم ہے اور ان گنز کو دنیا بھر میں فروخت بھی کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے ریاض میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو میں 40 سے زائد ممالک کی 600 اسلحہ ساز کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں جن میں پاکستان سے گوبل انڈسٹریز اینڈ ڈیفنس سلوشن، ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا اور پاکستان آرڈیننس فیکٹریز سمیت 13 کمپنیوں نے اپنے سٹال لگائے ہیں۔
ریاض سے مدینہ منورہ روڈ پر 800،000 مربع میٹر رقبے پر وسیع وعریض نمائشں میں دنیا بھر سے جدید ٹیکنالوجی سے لیس جدید دفاعی سازوسامان نمائش کا حصہ ہے جس کو دیکھنے کے لئے دنیا بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔

 اعلی پاکستانی فوجی افسران ںمائش میں لگائے گئے پاکستانی سٹالز کا دورہ کر رہے ہیں۔ (فوٹو: پاکستانی سفارت خانہ) 

نمائش میں پاکستانی اسلحہ ساز کمپنیوں کے سٹالز خصوصی توجہ کا مرکز ہیں جہاں مڈل ایسٹ، یورپ، امریکہ اور دیگر ممالک کے نمائندے پہنچ کر پاکستان کی دفاعی صلاحیت کے بارے میں دلچسپی لے رہے ہیں اور پاکستان کی بنائےگئے دفاعی سازو سامان کی خریداری میں بھی دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔
گلوبل انڈسٹریز اینڈ ڈیفنس سلوشن کے سی ای او اسد کمال کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے اس عالمی نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے جہاں پاکستانی اسلحہ ساز کمپنیوں کو فروغ ملے گا۔ ’سعودی عرب سمیت مڈل ایسٹ ایک بڑی مارکیٹ ہے جس میں پاکستانی کمپنیاں پہلے سے ہی معروف ہیں تاہم اس میں مزید استحکام آئے گا اور دنیا کے دیگر ممالک سے بھی ہمارے رابطے مزید بڑھیں گے۔‘
پاکستانی سٹالز کا اعلی پاکستانی فوجی افسران بھی دورہ کر رہے ہیں۔ ڈیفینس ایکسپورٹ پروموشن کے ڈی جی میجر جنرل عارف ملک نے بھی سٹالز کا دورہ کیا اور سعودی عرب میں عالمی نمائش کو سراہا۔
عارف ملک نے بتایا کہ پاکستان میں بنایا جانے والا دفاعی سازوسامان دنیا بھر میں مقبول ہے اس طرح کی نمائش سے نئی مارکیٹ کھلتی ہیں۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ نمائش ہردو سال کے بعد منعقد ہوا کرے گی ۔اس کا اہتمام مملکت کی جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریزنے کیا ہے۔

شیئر: