Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کم عمر سعودی پیانو آرٹسٹ نے اپنے فن کا لوہا منوا لیا

سعودی پیانو آرٹسٹ بین الاقوامی طور پر لائسنس یافتہ اور ’ارتھ آکسٹرا‘ کی رکن ہیں۔ فوٹو: عرب نیوز
سعودی عرب کی پیانو آرٹسٹ ایمان قستی نے عالمی یومِ خواتین پر ریاض میں فرانسیسی سفیر کے گھر اپنے فن سے شائقین کو محظوظ کیا۔
عرب نیوز کے مطابق خاتون آرٹسٹ نے پیانو بجانا کسی میوزک سکھانے والے ادارے میں نہیں سیکھا۔
ایمان قستی نے چند نغموں کی دھنیں اکیلے بجائیں اور پھر سعودی اوپیرا سنگر ساسن الباحیتی کے ہمراہ بھی فن کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے سات برس کی عمر میں پیانو بجانا شروع کیا اور یہ شوق ان کو اپنی والدہ کو دیکھ کر پیدا ہوا۔ تب سے اب تک ایمانقستی نے سعودی عرب میں ہر جگہ اپنے فن کا مظاہرہ کر کے شائقین کو محظوظ کیا۔
انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’میں نے بہت کم عمری میں پیانو بجانا شروع کیا، میری والدہ میوزک بناتی تھیں اور انہوں نے سیکھنے میں میری حوصلہ افزائی کی۔ اس دوران مجھے پیانو سے محبت ہو گئی۔‘
ایمان قستی کے مطابق اُن کو یاد ہے کہ وہ شام کو والدہ کو پیانو بجاتے سنتی رہتیں اور رات کو دیر تک کلاسیکل میوزک کی پرفارمنس دیکھتی رہتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اسی وجہ سے اس مقام تک پہنچی ہیں۔
ایمان قستی نے بتایا کہ جب وہ 15 برس کی عمر تک پہنچیں تو اُن کو والد نے پیانو کا تحفہ دیا تاکہ وہ اپنے شوق کو جاری رکھیں حالانکہ اُس وقت تک وہ ہائی سکول بھی نہیں پہنچی تھیں۔
سعودی پیانو آرٹسٹ بین الاقوامی طور پر لائسنس یافتہ اور ’ارتھ آکسٹرا‘ کی رکن ہیں۔
ایمان قستی 150 شوز میں حصہ لے چکی ہیں اور 24 برس کی عمر میں ان کو تجربہ کار آرٹسٹ سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے جدہ اور الخبر سمیت مملکت کے تمام بڑے شہروں میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

شیئر: