مہم مکہ پولیس کے تعاون سے شروع کی گئی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
مکہ مکرمہ کے قائم مقام میئر صالح الترکی نے ’مکہ پرامن‘ کے عنوان سے جمعرات کو آگہی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ یہ مہم مکہ مکرمہ پولیس کے تعاون سے شروع کی گئی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مکہ میونسپلٹی کی خواہش ہے کہ شہر کے مقامی باشندے، مقیم غیرملکی اور زائرین تحفظ امن مہم میں اپنا حصہ ڈالیں۔ مختلف شعوں میں عوام کی ضروریات پوری کی جائیں گی اور انہیں بہترین خدمات فراہم کی جائیں گی۔
سیکریٹری میئر ابراہیم الغامدی نے کہا کہ میونسپلٹی چاہتی ہے کہ عوام کا آگہی معیار بلند ہو۔ مہم کے تحت مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو تجارتی مراکز، غذائی اشیا فروخت کرنے والے اداروںِ، صحت مراکز اور پیشہ وارانہ اداروں میں سی سی کیمروں کی تنصیب کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔ عمارتوں میں بھی سی سی کیمرے لگانے کی ترغیب دی جائے گی۔ ایسا کرنے سے مقامی شہری اور مقیم غیرملکی چوری کی وارداتوں سے بڑی حد تک محفوظ ہوجائیں گے۔
الغامدی نے بتایا کہ میونسپلٹی کی ذمہ داری صرف یہی نہیں کہ اس کے افسران اور اہلکار خلاف ورزیاں ریکارڈ کریں اور جرمانے لگائیں بلکہ ان کی ذمہ داری یہ بھی ہے کہ وہ معاشرے کے اندر شعور بیدار کریں اور مقامی شہریوں نیز غیرملکیوں کو امن و سلامتی کے حوالے سے ان کے کردار کے بارے میں آگاہ کریں۔
سی سی کیمروں کے بڑے فوائد ہوں گے۔ ان کی بدولت ایک طرف توعوام چوری کی واردتوں سے محفوظ ہوں گے تو دوسری جانب شہر کے نگراں اداروں کو اپنی ذمہ داری انجام دینے میں سہولت ہوگی۔