Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں آرامکو کے ڈسٹری بیوشن سٹیشن پر حملہ، آگ پر قابو پا لیا گیا

عرب اتحاد نے الحدیدۃ میں بارود بردار کشتی تباہ کردی ( فوٹو ٹوئٹر) 
عرب اتحاد برائے یمن نے کہا ہے کہ جدہ میں حوثیوں نے آرامکو کے تحت  پٹرولیم مصنوعات کے ایک  ڈسٹری بیوشن سٹیشن پر حملہ کیا ہے جبکہ ایک ڈرون کو راستے میں روک کر تباہ کردیا گیا۔
الاخباریہ کے مطابق حملے سے سٹیشن کے ایک ٹینک میں محدود پیمانے پر آگ لگ گئی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ پر فوری طور پر قابو پالیا گیا۔ 
عرب اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ ’حوثیوں کے جارحانہ حملے اس بات کا ٹھوس ثبوت ہیں کہ وہ امن مشن کو مسترد کررہے ہیں اور یمنی عوام کے مصائب دور کرنے میں انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے‘۔ 
قبال ازیں عرب اتحاد نے کہا تھا کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی چار اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے جنہیں ناکام بنا دیا گیا ہے۔
 حوثی ملیشیا نے شقیق واٹر پلانٹ، جازان میں آرامکو پلانٹ، ظہران الجنوب میں بجلی کے سٹیشن اور خمیس مشیط میں گیس سٹیشن کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
عرب اتحاد کے مطابق ’حوثی ملیشیا کے ڈرون سے چند مکانات اور سڑک پر کھڑی گاڑیوں کو نقصان ہوا ہے جبکہ لوگوں کی جانیں محفوظ رہی ہیں‘۔
علاوہ ازیں عرب اتحاد برائے یمن نے کہا ہے کہ’ بحیرہ احمر کے جنوب میں جہاز رانی کو معطل کرنے کی ایک اور کوشش ناکام بنائی گئی ہے‘۔
حوثی ملیشیا نے الحدیدۃ سے بارود بردار کشتی حملے کے لیے تیارکی تھی۔ پیشگی کارروائی کرکے کشتی تباہ کردی گئی۔
العربیہ چینل کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے بتایا کہ ’جنوبی بحیرہ احمر میں 106 بارود بردار کشتیوں کو تباہ کیا گیا ہے۔ عرب اتحاد، عالمی تجارت اور جہاز رانی کے تحفظ کے سلسلے میں اہم کردارادا کررہا ہے‘۔
اس سے قبل عرب اتحاد نے کہا تھا کہ ’حوثی دہشت گردوں نے الشقیق میں کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے والے واٹر پلانٹ اور جازان میں آرامکو کے ماتحت پٹرول تقسیم کرنے والے سٹیشن پر حملے میں ایرانی ساختہ کروز میزائل استعمال کیے ہیں‘۔

شیئر: