Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان ایوارڈ برائے حفظ قرآن جیتنے والوں کے اعزاز میں تقریب

یہ مقابلہ وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے منعقد کیا تھا(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر نے حفظ قرآن، تلاوت اور تفسیر کے لیے شاہ سلمان ایوارڈ جیتنے والوں کے اعزاز میں ایک ایوارڈ تقریب کی سرپرستی کی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ مقابلہ وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے منعقد کیا تھا۔
ریاض کے ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے بھی شہزادہ فیصل کے ساتھ ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کی۔
گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر کا  خیر مقدم سعودی وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی شیخ عبداللطیف آل الشیخ  اور ان کے نائب یوسف بن محمد کے علاوہ وزارت کے عہدیداروں کے وفد نے کیا۔

گورنر ریاض کا خیر مقدم  وزیر اسلامی امور اور وزارت کے عہدیداروں نے کیا( فوٹو ایس پی اے)

شہزادہ فیصل نے کہا ’مجھے آج یہ اعزاز حاصل ہوا کہ میں شاہ سلمان کی جانب سے قرآن پاک اور اس کے ماننے والوں والوں کی اس تقریب کی سرپرستی کر رہا ہوں۔ یہ ملک کے قیام سے لے کر اب تک کا اصول ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ حفظ کرنے والے اپنے کاموں اور نصاب میں اعلیٰ معیار کے حامل ہوں گے۔‘
انہوں نے وزیر اسلامی امور، ججز اور مقابلے کے منتظمین کا ان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ، وزیر تجارت و میڈیا کے قائم مقام وزیر ماجد القاسبی اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
ماجد القصبی نے کہا کہ یہ مقابلہ اس نقطہ نظر کا عکاس ہے جس پر سعودی عرب کی بنیاد رکھی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرآن کریم کی حفظ، تلاوت، تفسیر اور اس پر عمل کرنے کے لیے نسلوں کی پرورش فائدہ مند اعمال ہیں اور ہم مقابلہ کرنے والوں کی جانب سے دکھائے گئے باوقار مسابقت کے جذبے کو سراہتے ہیں۔

شیئر: