Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان پاکستان میں ہونے والے آو آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے سنیچر کی شام اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ طاہر اشرفی نے سعودی وزیرخارجہ کا استقبال کیا۔
او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 48 واں اجلاس 22 اور 23 مارچ کو پاکستان میں ہو رہا ہے جس میں شرکت کے لیے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ 
یہ دو روزہ اجلاس اتحاد، انصاف اور ترقی کے لیے شراکت داری کے موضوع پر ہو رہا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں اور مبصرممالک کے وزرائے خارجہ اوراعلیٰ سطح کے وفود اجلاس میں شرکت کریں گے اور  23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ میں بھی اعزازی مہمان ہوں گے۔
عرب لیگ اور خلیج تعاون کونسل سمیت او آئی سی کے غیر رکن ممالک کے حکام اوراقوام متحدہ اور علاقائی و عالمی اداروں کے اعلیٰ نمائندے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان منگل کو اجلاس کی افتتاحی نشست سے خطاب کریں گے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم، دیگر کی اسلام آباد آمد

دوسری جانب او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
اسلام آباد آمد کے بعد سرکاری ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی کے اجلاس میں اُمت مسلمہ کو درپیش چیلنجوں سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔
انہوں نے اسلام کے خلاف پراپیگنڈے کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے قرارداد کی منظوری کو اس مسئلے سے نمٹنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

اسلامی ترقیاتی بنک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان ال جاسر بھی او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ (فوٹو: ریڈیو پاکستان)

اسلامی ترقیاتی بنک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان ال جاسر بھی او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے اسلامی ترقیاتی بنک کے صدر نے کہا کہ افغانستان میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ بنگلہ دیش، تیونس، بوسنیا، صومالیہ، نائیجر، اور گیمبیا کے وزرائے خارجہ اور آذربائیجان، لیبیا، ملائیشیا اور موزمبیق کے نائب وزرائے خارجہ بھی اجلاس میں شرکت کے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
او آئی سی میں مالدیپ کے مستقل نمائندے محمد خلیل اور بنگلہ دیش کے مستقل نمائندے محمد جاوید بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

شیئر: