Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی پردہ پوشی، خاتون سمیت دو سعودی شہریوں اور غیرملکی پر جرمانے

عدالت نے تینوں کو تجارتی پردہ پوشی کے جرم کا مرتکب قرار دیا ہے(فوٹو الشرق الاوسط)
سعودی وزارت تجارت نے جدہ کمشنری میں سعودی کے نام سے ٹھیکے داری کاکام کرنے والے شامی شہری اور اس کی مدد کرنے والے سعودی  شہری اور خاتون کو تجارتی پردہ پوشی کے جرم کا مرتکب قرار دیا ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کےمطابق  شامی شہری سعودیوں کے نام سے دو ادارےچلا رہا تھا۔ ایک کاروبار سعودی خاتون کے نام پر تھا اور دوسرا سعودی شہری کے نام سے رجسٹرڈ تھا۔
عدالت نے سماعت کے دوران حقائق سامنے آنے پر فیصلہ سنایا کہ دونوں سعودی غیرملکی کو اپنے نام سے کاروبار کرا رہے ہیں۔ تمام کام اور دونوں کمپنیوں کے تمام معاہدے کرنے کی ذمہ داری شامی شہری کی تھی۔
عدالت میں اس کے ثبوت بھی دیے گئے کہ شامی  شہری تجارتی پردہ پوشی سے ہونے والی آمدنی بیرون مملکت بھجوا رہا تھا جبکہ سعودیوں کو ماہانہ کی بنیاد پر معمولی رقم کی ادائیگی کی جا رہی تھی۔
جدہ میں فوجداری کی عدالت نے الزامات ثابت ہونے پر ساڑھے 3 لاکھ ریال کا جرمانہ اور تینوں کی تشہیر خود ان کے خرچ پر کرنے کا فیصلہ سنایا۔ علاوہ ازیں سعودی شہری اور شامی کو تین، تین ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ 
فوجداری کی عدالت نے دونوں کمپنیاں بند کرنے، کمرشل رجسٹریشن ختم کرنے، ٹھیکے داری نہ کرنے، دونوں کمپنیوں سے زکوۃ فیس اور ٹیکس وصول کرنے، شامی شہری کو قید کی سزا پوری کرنے پر مملکت سے بے دخل کرنے  اور آئندہ کے لیے بلیک لسٹ کرنے کے احکام بھی جاری کیے ہیں۔

شیئر: