Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تجارتی پردہ پوشی، سپیئر پارٹس اور چشموں کی دکانوں پر تفتیشی مہم

وزارت تجارت نے مملکت بھر میں تفتیشی مہم تیز کردی ہے( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ’ تجارتی پردہ پوشی کے جرائم کے انسداد کے لیے سپیئر پارٹس اور چشموں کا کاروبار کرنے والے مراکز پر مملکت بھر میں تفتیشی مہم تیز کردی ہے۔‘
وزارت تجارت نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’ایک فیکڑی سے13 ہزار نقلی اشیا ضبط کی گئی ہیں۔ فیکڑی تجارتی پردہ پوشی کے دائرے میں کام کرنے والے کارکنان چلا رہے تھے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’تجارتی پردہ پوشی میں ملوث کارکنان کو قانونی کارروائی کے لیے متلعقہ اداروں کے حوالے کردیا گیا ہے۔‘
واضح رہے تجارتی پردہ پوشی کے انسداد کے حوالے سے وزارت تجارت نے 17 فروری تک مہلت دی تھی۔
یاد رہے کہ سعودی حکومت نے تجارتی پردہ پوشی کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو مہلت دی تھی۔ غیر قانونی کاروبار کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے متعدد آپشن بھی دیے گئے تھے۔
 تجارتی پردہ پوشی کرنے اور کرانے کی سزا پانچ برس قید اور 50 لاکھ ریال جرمانہ ہے۔
کاروبار کو قانون کے دائرے میں لانے کے  لیے حکومت نے جو آپشن دیے ہیں، اس میں ایک یہ ہے کہ تجارتی ادارے کو سعودی اورغیرملکی کی شراکت میں رجسٹرڈ کرالیا جائے یا تجارتی ادارہ غیرملکی کے نام سے رجسٹرڈ کرایا جائے۔
ایک آپشن یہ بھی ہے کہ سعودی شہری کاروبار میں کسی نئے شریک کو شامل کر کے کاروبار چلاتا رہے یا سعودی شہری کاروبار کو ختم کر دے۔ 
غیرملکیوں کو منفرد اقامہ حاصل  کرکے کاروبار اپنے نام سے شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
 غیرملکی کو مملکت سے رخصت ہونے کا بھی آپشن دیا گیا ہے۔

شیئر: