Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی کی پرانی عمارت تمام زائرین کے لیے کھول دی گئی

زائرئن کے لیے مسجد نبوی کے تمام صحن اور چھتیں کھول دی گئی ہیں (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں مسجد نبوی کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’رمضان المبارک کی آمد پر مسجد کی پرانی عمارت تمام زائرین کے لیے کھول دی گئی ہے‘۔
بیرون ملکت سے آنے والے زائرین اور نمازیوں کے لیے بھی جمعے سے پرانی عمارت کو کھول دیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق انتظامیہ نے بیان میں کہا کہ ’روضہ شریفہ (ریاض الجنہ) میں نماز کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ توکلنا یا اعتمرنا ایپ کے ذریعے داخلہ ممکن ہوگا‘۔
مسجد بنوی کی انتظامیہ نے اطمینان دلایا کہ ’زائرین کو ہر ممکن معیاری سہولتیں مہیا ہوں گی۔ اس کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ زائرئن کے لیے مسجد نبوی کے تمام صحن اور چھتیں کھول دی گئی ہیں۔ سہولت اور آسانی کے ساتھ عبادت اور نماز ادا کرسکیں گے‘۔
انتظایمہ کا کہنا ہے کہ ظہر کے بعد سے تراویح کے بعد تک مرد زائرین کو مکمل گنجائش کے ساتھ روضہ میں جانے کی اجازت ہوگی۔
گیٹ نمبر 38 کے سامنے زائرین جمع ہوں گے جبکہ گیٹ نمبر 40 اور باب جبریل سے نکلنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
خواتین کے لیے زیارت کا وقت صبح کے لیے ہے۔ ایک گروپ میں 450 زائر خواتین کو جانے کی اجازت ہوگی۔ زائر خواتین گیٹ نمبر 24 شمال اور گیٹ نمبر 37 مشرق و جنوب کے سامنے جمع ہوں گی۔
انتظامیہ نے زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کی پابندی کریں تاکہ استقبالیہ مقامات پر اژدھام سے بچا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ سب لوگ راہداریوں نماز پڑھنے سے گریز کریں۔ اپنے ہمراہ سامان وغیرہ نہ لائیں۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’مسجد نبوی کے دروازوں کے قریب معذور زائرین کے لیے بارہ مصلے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ویل چیئرز کا بندوبست بھی ہے۔ گالف گاڑیوں سے آمد ورفت کی سہولت 24 گھنٹے مہیا ہوگی‘۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’زائرین کے لیے صف بندی کی شروعات پہلی سعودی توسیع والی عمارت کے لیے ہوگی۔ اس کے بھر جانے پر دوسری سعودی توسیع والی عمارت میں زائرین کو بھیجا جائے گا پھر چھت کھولی جائے گی اور صحنوں میں موقع دیا جائے گا‘۔ 

شیئر: