Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امام الحق بھی آئی سی سی کی ٹاپ 10 رینکنگ میں شامل

آسٹریلیا کے دورہ پاکستان میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 میچ کھیلے گئے (فائل فوٹو: پی سی بی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ اور ون ڈے رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ کے شعبوں میں اپنی پوزیشن مزید بہتر کی ہے۔
بدھ کو جاری کردہ رینکنگ میں بابراعظم اب بھی پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور امام الحق نے نئی رینکنگ میں اپنی پوزیشن غیرمعمولی طور پر بہتر کی ہے۔
آئی سی سی نے بھی خاص طور پر پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی اور اس کے نتیجے میں عالمی درجہ بندی میں ان کی نمایاں پوزیشن کا تذکرہ کیا۔

آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں دو سنچری اور ایک نصف سنچری اننگز کھیلنے والے بابراعظم نے ون ڈے کرکٹ کے ٹاپ بیٹر کی پوزیشن برقرا رکھی ہے۔
بابراعظم 891 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست جب کہ وراٹ کوہلی 811 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں سب سے بہتر کارکردگی امام الحق کی رہی، جو آئی سی سی کی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں اپنے ون ڈے کرکٹ کیریئر کی بہترین پوزیشن پر موجود ہیں۔
ون ڈے کرکٹ کے بیٹسمینوں کی رینکنگ میں امام الحق، بابراعظم اور وراٹ کوہلی کے بعد تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ 795 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ یہ پوزیشن حاصل کرنے والے امام الحق کی رینکنگ سات درجے بہتر ہوئی ہے۔

ون ڈے کرکٹ کی بولرز کی رینکنگ میں شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ٹاپ 10 بولرز کی فہرست میں ساتویں پوزیشن حاصل کرنے والے شاہین آفریدی کی پوزیشن آٹھ درجے بہتر ہوئی ہے۔
ون ڈے کرکٹ کے ٹاپ بولر کی پوزیشن اب بھی نیوزی لینڈ کے ٹرینڈ بولٹ کے نام ہے، انگلینڈ کے کرس ووکس دوسرے، آسٹریلیا کے جوش ہیزلوڈ تیسرے اور نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری چوتھے، بنگلہ دیش کے مجیب الرحمن پانچویں اور انڈیا کے جسپریت بمراہ چھٹے نمبر پر ہیں۔
بنگلہ دیش کے مہدی حسن مرزا آٹھویں، شکیب الحسن نویں اور افغانستان کے راشد خان دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
اپنے انٹرنیشنل بولنگ کیریئر میں 200 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے والے شاہین شاہ آفریدی صرف ون ڈے ہی نہیں بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنی رینکنگ بہتر کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

آئی سی سی کی ٹیسٹ کرکٹ کی رینکنگ کے مطابق شاہین شاہ ایک درجہ بہتری کے ساتھ اب ٹاپ ٹین بولرز کی فہرست میں پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

شیئر: