Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سہ ملکی سیریز میں فتح ایشیا کپ کے لیے ’اعتماد میں اضافے‘ کا باعث بنے گی: مائیک ہیسن

کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ ’آٹھ ٹیموں پر مشتمل ایشیا کپ ایشیائی کرکٹ کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے خلاف سہ ملکی سیریز میں فتح ٹیم کے لیے ایشیا کپ سے قبل ’اعتماد میں اضافے‘ کا ثابت بنے گی۔ ایشیا کپ کا آغاز منگل کو ابوظہبی میں ہو رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مائیک ہیسن نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہم نے افغانستان کو ان کنڈیشنز میں ہرایا جو ان کے سپنرز کے لیے سازگار تھیں، یہ ہمارے لیے بڑے اعتماد کا باعث ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایشیا کپ سے قبل یہ جیت ہمارے لیے انتہائی اہم تھی۔‘
خیال رہے کہ ہیسن رواں برس مئی میں پاکستان کے وائٹ بال کوچ مقرر ہوئے تھے۔
اتوار کو شارجہ میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے ایک مشکل وکٹ پر افغانستان کو 75 رنز سے شکست دی۔ میچ کے ہیرو محمد نواز تھے، جنہوں نے کیریئر کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں، جن میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔
مائیک ہیسن کے کوچ بننے کے بعد پاکستان نے پہلے بنگلا دیش کو ہوم گراؤنڈ پر 0-3 سے وائٹ واش کیا، تاہم بعد میں اسے بنگلہ دیش میں کھیلی گئی سیریز میں 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو بھی 1-2 سے شکست دی اور سہ ملکی سیریز کے پانچ میچوں میں صرف ایک میچ افغانستان سے ہارا۔
گرین شرٹس کے وائٹ بال کوچ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’آٹھ ٹیموں پر مشتمل ایشیا کپ ایشیائی کرکٹ کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔ یہ نہ صرف کھیل کو خطے میں پھیلاتا ہے بلکہ ہمیں ایسے کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے کا موقع بھی ملتا ہے جن سے ہم اکثر مقابلہ نہیں کرتے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’(ایشیا کپ میں) ہمارا گروپ چیلنجنگ ہے؛ انڈیا، عمان اور یو اے ای جیسی ٹیمیں موجود ہیں، اس لیے ہمیں تیزی سے حالات سے ہم آہنگ ہونا ہو گا۔ اصل چیلنج یہ ہے کہ ہم بیرونی دباؤ سے متاثر نہ ہوں۔‘
ایشیا کپ کا 17واں ایڈیشن منگل کو ابوظہبی میں افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان گروپ بی کے میچ سے شروع ہو گا۔ گروپ بی میں سری لنکا اور بنگلادیش بھی شامل ہیں۔
گروپ اے میں دفاعی چیمپیئن انڈیا کے ساتھ پاکستان، عمان اور یو اے ای کی ٹیمیں شامل ہیں۔
انڈیا کا پہلا میچ بدھ کو دبئی میں متحدہ عرب امارات کے خلاف ہے، جس کے بعد اتوار کو اسی مقام پر اس کا پاکستان کے ساتھ ایک بڑا مقابلہ ہو گا۔
ایشیا کپ کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

 

شیئر: