ٹی20 ایشیا کپ: افغان بیٹرز کی عمدہ بیٹنگ، ہانگ کانگ کو 189 رنز کا ہدف
عظمت اللہ عمرزئی نے 21 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
مینز ٹی20 ایشیا کپ کے پہلے میچ میں افغانستان نے ہانگ کانگ کو جیت کے لیے 189 رنز کا ہدف دیا ہے۔
منگل کو ابوظبی میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں چھ وکتوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے صدیق اللہ اتل نے 52 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ عظمت اللہ عمرزئی نے 21 گیندوں پر 53 رنز بنائے جن میں پانچ چھکے بھی شامل تھے۔
ہانگ کانگ کی جانب سے کنچت شاہ اور ایوش شکلا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ایشیا کپ 2025 میں انڈین ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی جبکہ آٹھ ٹیمیں دو گروپس میں موجود ہیں۔
گروپ اے میں پاکستان، انڈیا، عمان، اور یو اے ای شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
پاکستان کا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف ہو گا اور14 ستمبر کو گرین شرٹس کا سامنا روایتی حریف انڈیا سے ہو گا۔