Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل منصوبہ بندی سے مسجد اقصی کے تقدس کو پامال کررہا ہے، سعودی عرب

اسرائیلی اقدام بین الاقوامی قراردادوں اورمعاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے( فوٹو روئٹرز)
سعودی عرب نے قبلہ اول مسجد اقصی کی بے حرمتی، اس کے دروازے بند کرنے، نہتے نمازیوں پر تشدد کرنے پر اسرائیل کی مذمت کی ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ’ اسرائیل جان بوجھ کر منصوبہ بند طریقے سے مسجد اقصی کے تقدس کو پامال کر رہا ہے۔  امت مسلمہ  یہ محسوس کرتی ہے کہ اسرائیل قبلہ اول کی حیثیت کو مجروح کررہا ہے‘۔
وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ ’اسرائیل کا یہ اقدام متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں اورمعاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے‘۔
مملکت نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ’ وہ اپنی ذمہ داری ادا کرے اور قابض اسرائیلی افواج کو نہتے فلسطینیوں، فلسطینی سرزمین اور ان کے مقدس مقامات کی بے حرمتی سے روکا جائے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’اسرائیلی اقدامات مشرق وسطی میں امن عمل کے احیا کے مواقع کو ضائع کردیں گے، اسرائیل کو اس سے باز رکھا جائے‘۔ 
یاد رہے کہ جمعے کو اسرائیلی پولیس اور فلسطینیوں کے درمیان مسجد اقصیٰ میں ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم 152 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مسجد اقصیٰ میں جمعے کی صبح نماز کے لیے ہزاروں افراد جمع تھے۔
مسجد کے انتظامات کرنے والے ادارے نے کہا ہے کہ اسرائیلی پولیس سورج طلوع ہونے سے قبل زبردستی مسجد میں داخل ہوئی۔ اس وقت ہزاروں افراد عبادت کے لیے مسجد میں موجود تھے۔
انٹرنیٹ پر وائرل ویڈیوز میں فلسطینیوں کو پتھر پھینکتے ہوئے جبکہ اسرائیلی پولیس کو آنسو گیس کے شیل اور سٹن گرنیڈ کا استعمال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
بعض ویڈیو میں عبادت گزار آنسو گیس کے دھوئیں سے بچنے کے لیے مسجد کے اندر پناہ کی تلاش میں بھاگتے نظر آتے ہیں۔
گزشتہ برس رمضان میں پھوٹ پڑنے والے مظاہروں اور جھڑپوں کے بعد اسرائیل اور غزہ کی پٹی پر حکومت کرنے والی اسلامی عسکریت پسند تنظیم حماس کے درمیان 11 دن تک لڑائی جاری رہی تھی۔

شیئر: