Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں گداگری کے خلاف مہم تیز، خواتین سمیت متعدد گرفتار

رمضان کے دوران گداگر بڑی تعداد میں نظر آرہے ہیں۔ (فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں پولیس نے مملکت کے مختلف علاقوں میں انسداد گداگری مہم تیز کر دی ہے۔ رمضان کے دوران گداگر بڑی تعداد میں مساجد، چوراہوں اور پبلک مقامات پر نظر آ رہے ہیں۔
 سیکیورٹی اہلکاروں نے جدہ میں انسداد گداگری مہم کے دوران متعدد گداگروں کو گرفتارکیا ہے۔ بعض گداگر اپنے معذور بچوں کے ساتھ لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اور الاقتصادیہ کے مطابق محکمہ امن عامہ نے بیان میں کہا کہ ’ایک مقامی شہری کو ایک دکان کے پاس گرفتار کیا گیا جو بھیک مانگ رہا تھا۔ دو یمنی خواتین کو ایک تجارتی مرکز کے سامنے گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے بھیک مانگتے ہوئے پکڑا گیا۔‘
’صومالیہ کی دواور ایتھوپیا کی ایک خاتون کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ یمن کی ایک خاتون کو اس وقت پکڑا گیا جب وہ اپنی معذور بچی کو آگے رکھ کر لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرتے ہوئے بھیک مانگ رہی تھی۔‘
ایک مصری خاتون کو بھیک مانگنے کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں کو دیکھ کر فرار کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ چاڈ کی کئی خواتین ایک تجارتی مرکز کے سامنے بھیک مانگتے ہوئے پکڑی گئی ہیں۔
 محکمہ امن عامہ نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی ہے کہ ’جہاں بھی انہیں گداگر نظر آئیں پہلی فرصت میں رابطہ کرکے اطلاع دیں۔‘

شیئر: