Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے تاریخی علاقے البلد میں مشراقہ ثقافتی مرکز

یہ مرکز زائرین کو تاریخ میں جھانکنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ کے تاریخی  علاقے بلدمیں داخل ہوتے ہی میدان  البیعہ کے گول چکر کے  قریب شمالی دروازے کی جانب شہر کی دیواریں اور تاریخی عمارتیں یہاں آنے  والوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لیتی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق  اس علاقے میں آنے والے زیادہ تر زائرین کو یہ تاثر ملتا ہے کہ وہ وقت سے بہت پیچھے ہیں۔ یہ مقام انہیں تاریخ میں جھانکنے کا موقع فراہم کرتا ہے اور قدیم دور میں یہاں رہنے والوں کی زندگیوں پر غور کرنے کا سبب بنتا ہے۔

مرکز میں 1300سے زیادہ ثقافتی تقریبات کی میزبانی کی گئی۔ فوٹو عرب نیوز

اس تاریخی علاقے کی گلیوں اور راستوں سے ہوتے ہوئے زائرین  ایک مرکزی علاقے میں جا پہنچتے ہیں جہاں موجود مشراقہ مرکزہے جو یومیہ  ملاقات کی جگہ ہے جہاں ثقافتی، ادبی اور  فنکارانہ  ورثے کو فروغ ملتا ہے۔
مشرا قہ جدہ البلد مرکز میں ارباب الحرف آرٹ اینڈ کلچر سنٹر متعارف کرایا  گیاہے جو علاقے میں رمضان کے  خاص تہواروں کو بھی  اجاگر کرتا ہے۔
مشراقہ البلد غیر منافع بخش آرٹ اینڈ کلچر آرگنائزیشن ہے جس کے زیر تحت 14 کمروں پر مشتمل ایک چھوٹا سا عجائب گھر بھی  ہے۔
یہاں عجائب گھر میں 1910سے 1980 کی دور کی  مختلف اشیاء رکھی گئی ہیں جس میں آرٹ کے مختلف شاہکار کے علاوہ فوٹو گرافی کا سامان، کیرم بورڈ، مختلف ادوار کی کرنسی ، اخبارات، میگزین اور  پرانی یادوں کی دیگر اشیاء موجود ہیں۔

مشراقہ مرکز کا مقصد وژن 2030 کے ثقافتی عزائم کے مطابق کام کرنا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

ارباب الحرف کے بانی عبداللہ ایس الحدیف نے بتایا ہے  کہ مشراقہ عربی کا لفظ ہے جس کامطلب 'چمکنا' ہے۔
یہ ایک منفرد اور حقیقی ثقافتی دریچہ ہے جو مختلف تخلیقی کاموں کے ذریعے سعودی ثقافت کی انفرادیت کو چمکاتاہے۔
یہ مرکز ایسی تخلیقی شخصیات کی میزبانی کرتا ہے جو اپنے تخلیقی تجربات کے بارے میں بات کرنا چاہیں اور یہاں آ کر اپنے تجربات دوسرے لوگوں سےشیئر کریں۔
انہوں نے بتایا کہ ماہ رمضان میں ہم  یہاں روزانہ رات 10 بجے سے رات ایک بجے تک اکٹھے ہوتے ہیں اور مختلف تخلیقی کاموں پر گفتگو کے علاوہ  ایک دوسرے سے رابطوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم ایسے واقعات اور باشعور افراد کو موقع فراہم کرتے ہیں جو ثقافت، تاریخ اور انسانی ترقی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔
عبداللہ الحدیف کا مزید بتایا کہ  جدہ کے تاریخی علاقے میں آنے والے زائرین کو تخلیقی کاموں کے مجموعے کے ذریعے مشراقہ جدہ البلد میں حقیقی علاقائی جھلک نظر آتی  ہے۔

رمضان میں یہاں رات 10 سے ایک بجے تک لوگ اکٹھے ہوتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

مرکز مشراقہ نے  بہت سی معروف شخصیات  کی میزبانی کی ہے جیسا کہ اداکار اور مصنف صہیب  قدس، شہاد نذیر یوگا انسٹرکٹر، سعودی تاریخ دان اور کافی ماہر ماجد الاحدال، سعودی ڈیزائنر نواف النصراور سعودی شاعرعبداللہ ثابت ان میں نمایاں نام ہیں۔
اہم ثقافتی اور فنکارانہ اقدام کے ساتھ اس مرکز کی ایک الگ مقامی شناخت ہے اور یہ مقامی کمیونٹی کے جذبے کے ساتھ ساتھ معیار زندگی کے پروگرام کی طرف قومی رجحان کی بھی پذیرائی کرتا ہے۔
مشراقہ مرکز کا بنیادی مقصد سعودی وژن 2030 کے ثقافتی عزائم کے مطابق کام کرنا ہے۔
عبداللہ الحدیف نے بتایا کہ 2016 سے اس پروجیکٹ کے آغاز کے بعد سے یہاں بہت سی ثقافتی اور فنکارانہ سرگرمیوں اور پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔
گذشتہ چھ برسوں میں اس مرکز میں 1300سے زیادہ منفرد پروگرام اور  ثقافتی تقریبات کی میزبانی کی گئی ہے۔
 

شیئر: