Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

15 ماہ تک پولیو فری رہنے کے بعد پاکستان میں ایک اور کیس سامنے آگیا

پاکستان میں پولیو کا آخری کیس جنوری 2021 میں رپورٹ ہوا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں 15 ماہ کے وقفے کے بعد پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہوا ہے۔
جمعہ کو انسداد پولیو پروگرام پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تفصیل کے مطابق پولیو کا نیا کیس شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوا ہے۔
اس سے قبل پاکستان میں پولیو کا آخری کیس جنوری 2021 میں بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ میں رپورٹ ہوا تھا۔
انسداد پولیو پروگرام کے مطابق یہ 2022 میں وائلڈ پولیو کا دنیا بھر میں رپورٹ ہونے والا تیسرا پولیو کیس ہے۔
شمالی وزیرستان کے بچے میں ٹایپ ون وائلڈ پولیو وائرس (ڈبلیو پی وی ون) کی تصدیق 22 اپریل کو قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی نیشنل پولیو لیبارٹری میں ہوئی۔
پاکستان پولیو لیبارٹری اس سے قبل پانچ اپریل کو خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں سے حاصل کردہ ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کر چکی ہے۔
سیکرٹری صحت عامر اشرف کے مطابق ’یہ واقعہ بچے اور اس کے اہلخانہ کے ساتھ پاکستان اور دنیا میں انسداد پولیو کاوشوں کے لیے بھی افسوسناک ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ کیس جنوبی خیبرپختونخوا میں سامنے آیا ہے جہاں گزشتہ برس کے اختتام پر لیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں بھی وائرس موجود پایا گیا تھا۔‘

شیئر: