Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری پر ورکشاپ

مملکت میں معدنیات کی قیمت کا تخمینہ 1.3 ٹریلین ڈالر ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کے نائب وزیر صنعت و معدنیات انجینیئر خالد المدیفر نے مملکت میں جنوبی افریقہ کے سفارتخانے اور وزارت سرمایہ کاری کے تعاون سے ورکشاپ کا افتتاح کیا ہے۔ ورکشاپ کاعنوان ’مملکت میں معدنیات کے شعبے کا مستقبل جانیں‘ ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ورکشاپ کا مقصد مملکت میں سرمایہ کاری کے امکانات سے جنوبی افریقہ کے سرمایہ کاروں کو متعارف کرانا اور اس شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کی راہ ہموار کرنا ہے۔ 
انجینیئر خالد المدیفر نے بتایا کہ ’مملکت نے معدنیات کے شعبے  کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ مملکت میں بڑی مقدار میں معدنیات ہیں۔ ان کی قیمت کا تخمینہ 1.3 ٹریلین ڈالر ہے۔‘
انہوں نے عالمی بینک کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’پوری دنیا معدنیات کی تلاش پر جتنا خرچ کر رہی ہے اس کا 75 فیصد صرف 10 ملکوں کے حصے میں آ رہا ہے۔ ان دس ملکوں میں سے کسی کا  تعلق افریقہ، مشرق وسطی،مغربی اور وسط ایشیا سے نہیں ہے۔ حالانکہ ان ممالک میں معدنیات کی موجودگی کے بڑے امکانات ہیں اور ایسے مقامات ہیں جہاں معدنیات کی تلاش کا کوئی کام نہیں ہوا‘۔ 
انہوں  نے کہا کہ ’سعودی عرب 2023 میں معدنیات کے مستقبل پر سالانہ فورم منعقد کررہا ہے۔ 100 سے زیادہ ممالک کے نمائندے اس فورم میں شرکت کریں گے۔‘
یاد رہے کہ وزارت صنعت و معدنیات 9 سے 12 مئی 2022 کے دوران جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کرے گی۔ 

شیئر: