Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین میں 27 اور 29 ویں شب کےلیے خصوصی انتظامات

مسجد نبوی کی چھت بھی کھول دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ دعا میں شریک ہوسکیں(فوٹو ایس پی اے)
حرمین شریفین میں ماہ رمضان کی 27 ویں اور29 شب کے حوالے سے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ جامع خدمات کی فراہمی کویقینی بنانے کے لیے اضافی کارکنوں کوبھی متعین کیا گیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق مسجد الحرام میں مستقل بنیادوں پرسینیٹائزنگ کا عمل جاری ہے ۔ اس حوالے سے مخصوص روبوٹس کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ۔
مسجد الحرام میں سینیٹائزنگ کے لیے 70 ٹیموں کو متعین کیا ہے جبکہ 700 کارکن اور ایک سو نگران متعین کیے گئے ہیں ۔ مخصوص روبوٹس بھی سینیٹائزنگ کے لیے فراہم کیے گئے ہیں جن کی تعداد 11 ہے۔

ایک روبوٹ 5 سے 8 گھنٹے تک خود کارطریقے سے کام کرتا ہے(فوٹو، ایس پی اے)

سینیٹائزنگ کے لیے جو روبوٹ استعمال کیے جارہے ہیں وہ جدید ٹیکنالوجی پرمشتمل ہیں ۔ مذکورہ روبوٹس 5 سے 8 گھنٹے تک خودکارطریقے سے کام کرتے ہیں۔ ایک روبوٹ میں 23.8 لیٹرسینیٹائزررکھنے کی گنجائش ہے جبکہ فی گھنٹہ دولیٹرسینیٹائزر استعمال کیاجاتاہے۔
دریں اثنا ادارہ امور حرمین کا کہنا ہے کہ  مسجد نبوی شریف میں بھی 27 ویں اور 29 ویں شب  کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
 مسجد نبوی کے مختلف مقامات ، چھت اور صحنوں کو آنے والوں کی متوقع تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامات  کیے گئے ہیں ۔

مسجد نبوی میں 100 دروازے کھولے گئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے )

 اس ضمن میں خدمات کی نگرانی کے لیے مرد اور خواتین ملازمین اور کارکنان کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
 مسجد نبوی اور اس کے بیرونی صحنوں کے لیے 30 ہزار قالین تیار کر لیے ہیں۔ زائرین اور نمازیوں کے داخلے کی سہولت کے لیے مسجد کے 100 دروازوں کو کھول دیا گیا ہے۔ آب زمزم کی مستقل فراہمی کے لیے مسجد نبوی کے اندر 18 ہزار کولر موجود ہیں۔

شیئر: