Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان میں صحت اور خوراک کی سپورٹ کے لیے دو معاہدوں پر دستخط

فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے لبنان میں خوراک اور صحت کے شعبوں کی سپورٹ کے لیے دو معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
 سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں فرانسیسی وزارت خارجہ اور فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
معاہدوں کے پہلے مرحلے کے تحت سعودی اور فرانسیسی فریق لبنان میں فوری انسانی امداد اورامدادی کاموں میں مدد کے لیے 36 ملین یورو (38 ملین ڈالر) کا حصہ ڈالیں گے جس سے مجموعی رقم 72 ملین یورو ہو جائے گی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ معاہدے سعودی فرانسیسی شراکت داری کے اندر آتے ہیں۔ لبنان میں بحران پر قابو پانے کے لیے استحکام اور ترقی کے حصول میں تعاون کرنے کے لیے سعودی حکومت کی خواہش کی نمائندگی کرتے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 80 ممالک میں مختلف قسم کے 1940 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.5  بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کےعلاوہ فلسطین میں 368 ملین ڈالر، شام میں 322 ملین ڈالر اورصومالیہ میں 209 ملین ڈالر کےمنصوبے شامل ہیں۔

شیئر: