Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بیرونی سازش‘ پر کمیشن بنانے کا اعلان، پی ٹی آئی نے مسترد کر دیا

سابق وزیراعظم عمران خان تسلسل کے ساتھ اپنی حکومت کے خاتمے کی وجہ بیرونی سازش کو قرار دے رہے ہیں (فائل فوٹو: سکرین گریب)
حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ان کے خلاف بیرونی سازش کے الزام پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے جبکہ تحریک انصاف نے اس کمیشن کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
جمعرات کو وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ انکوائری کمیشن غیرجانبدار ہوگا اور اس کا ایسا سربراہ مقرر کیا جائے گا جس پر سازشی ٹولہ بھی سوال نہیں اٹھا سکے گا۔‘
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ’ انکوائری کمیشن منصفانہ طور پر فیصلہ کرے گا جس کے بعد ملک کو جھوٹی سیاست کے لیے استعمال کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘
’کمیشن فیصلہ کرے گا کہ اس ڈرامے کا اصل کردار کون ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس انکوائری کمیشن کے ٹی او  آرز کابینہ کے اگلے اجلاس کے سامنے رکھے جائیں گے۔ کابینہ ٹی او آرز کی منظوری دے گی‘
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے متعدد بار یہ الزام دہرایا کہ ان کی حکومت کے خاتمے کے لیے غیرملکی سازش ہوئی اور اس سازش میں اس وقت کی اپوزیشن کے اہم رہنما شریک تھے۔

پی ٹی آئی کا کمیشن تسلیم کرنے سے انکار

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنماؤں فواد چوہدری اور فرخ حبیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اس کمیشن کو مسترد کرتے ہیں۔‘
جمعرات کو سابق وزیر مملکت فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تحریک انصاف حکومت کے ماتحت کمیشن بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے، پی ٹی آئی صرف ایک ہی کمیشن کو تسلیم کرے گی جو کہ آزاد عدلیہ کے ماتحت ہو اور اس کی کھلی سماعت ہو۔
سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تحت آزاد کمیشن بنایا جائے جو اوپن سماعت کرے، ای سی ایل سے تمام چوروں کے نام نکالے گئے، حمزہ شہباز واپسی پر مقصود چپڑاسی کو بھی بیرون ملک سے لیتے آئیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن میں ضمیر فروشوں کے ووٹ کاسٹ کرائے گئے، الیکشن کمیشن ضمیر فروشوں کو نا اہل کرے، جعلی وزیراعلیٰ چند دنوں کا مہمان ہے۔

شیئر: