Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں عرب سیاحتی نمائش، سعودی عرب کے پویلین کا افتتاح

سعودی عرب 2022 کے دوران 70 ملین سیاحوں کے خیر مقدم کےلیے کوشاں ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی محکمہ سیاحت نے دبئی کی عرب سیاحتی نمائش میں مملکت کے پویلین کا افتتاح کیا ہے۔ نمائش 9 مئی سے 12 مئی چار روز تک جاری رہےگی۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق نمائش میں 29 کمپنیاں شریک ہیں۔ یہاں سعودی عرب کے سیاحتی منصوبوں میں ترقی کے زبردست امکانات، تنوع اور عظیم سیاحتی پروگراموں کا تعارف کرایا جائے گا۔عالمی سیاحت کے نقشے پر سعودی عرب کی حیثیت مضبوط بنائی جائےگی۔
سعودی محکمہ سیاحت کے ایگزیکٹیو چیئرمین فہد حمید الدین نے کانفرنس سے خطاب میں 2021 کے دوران مملکت کی داخلی سیاحت کی کامیابیوں کے حوالے سے بتایا کہ ’2021 کے دوران داخلی سیاحت میں اضافہ ہوا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ ہمارے یہاں 72 فیصد سے زیادہ حالات معمول پر آگئے ہیں‘۔ 
فہد حمید الدین نے کہا کہ ’ریاض سیزن میں 15 ملین سے زیادہ شائقین پہنچے، جدہ سیزن جاری ہے۔ ابتدائی تین روز کے دوران دو لاکھ افراد نے وزٹ کیا ہے۔ سال رواں کے دوران الدرعیہ تاریخی مقام پر البجیری زون کا افتتاح ہوگا۔ جہاں 20 سے زیادہ انٹرنیشنل ریستوران کھولے جائیں گے۔ اسی سال ریڈ سی پروجیکٹ کے کچھ پروگراموں کا بھی افتتاح کیا جائے گا‘۔ 
الاقتصادیہ کے مطابق محکمہ سیاحت کے ایگزیکٹیو چیئرمین نے کہا کہ ’سعودی عرب 2022 کے دوران 70 ملین سیاحوں کے خیر مقدم کےلیے کوشاں ہے‘۔
’ 2021 کے دوران مملکت میں 62 ملین سیاحوں کا خیر مقدم کیا گیا۔ مملکت میں فروغ سیاحت کی کوششیں ہر سال مزید بہترہورہی ہیں‘۔ 

اس سال داخلی سیاحت کی شرح ریکارڈ حد تک بڑھی ہے(فوٹو ایس پی اے) 

مملکت نے حالیہ برسوں کے دوران سیاحت کے فروغ کے لیے بڑے پیمانے پر کام کیا ہے۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ تیل کے ماسوا ذرائع سے قومی آمدنی زیادہ سے زیادہ حاصل کی جائے۔ ولی عہد اس مشن کی قیادت کررہے ہیں۔ 
انہوں نے کہاکہ’ 2019 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران سیاحوں کی تعداد میں 130 فیصد اضافہ ہوا ہے‘۔ 
فہد حمید الدین نے مزید کہا کہ ’گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال داخلی سیاحت کی شرح ریکارڈ حد تک بڑھی ہے‘۔ 
توقع کی جارہی ہے کہ سعودی عرب آئندہ برسوں کے دوران متعدد سیاحتی منصوبوں کے لیے اپنے دروازے کھولے گا۔ ان میں ریڈ سی پروجیکٹ شامل ہے۔  

شیئر: