Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اسرائیلی فوج کی‘ فائرنگ، الجزیرہ کی خاتون صحافی ہلاک

واقعے کی ویڈیو فوٹیج میں ابو عاقلہ کو نیلے رنگ کی فلیک جیکٹ پہنے دیکھا جا سکتا ہے (فوٹو:ٹوئٹر):
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ الجزیرہ کی ایک صحافی کو مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی حملے کی کوریج کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق وزارت صحت نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ نشریاتی ادارے کے عربی زبان کے چینل کی معروف فلسطینی رپورٹر شیریں ابو عاقلہ کو گولی ماری گئی جس کے فوراً بعد ہی وہ ہلاک ہو گئیں۔
یروشلم میں مقیم القدس اخبار کے لیے کام کرنے والے ایک اور فلسطینی صحافی زخمی ہوئے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
وزارت صحت نے کہا کہ صحافی اسرائیلی فائرنگ کی زد میں آئے۔ واقعے کی ویڈیو فوٹیج میں ابو عاقلہ کو نیلے رنگ کی فلیک جیکٹ پہنے دیکھا جا سکتا ہے جس پر واضح طور پر لفظ ’پریس‘ لکھا ہوا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کی افواج پر مغربی کنارے کے قصبے جنین میں آپریشن کے دوران بھاری گولیوں اور دھماکہ خیز مواد سے حملہ کیا گیا جس پر انہوں نے جوابی فائرنگ کی۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ ہے وہ واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور اس امکان کا جائزہ لے رہی ہے کہ صحافیوں کو فلسطینی اہلکاروں نے نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی طویل عرصے سے الجزیرہ کی کوریج پر تنقید کرتے رہے ہیں تاہم حکام نے اس کے صحافیوں کو آزادانہ کام کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔
الجزیرہ کی ایک اور رپورٹر گیوارا بودیری کو گذشتہ سال یروشلم میں ایک احتجاج کے دوران مختصر عرصے کے لیے حراست میں لیا گیا تھا۔

شیئر: