Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سفیر کی پاکستانی حکام سے ملاقات، حج انتظامات سے متعلق بات چیت

پاکستان سے رواں برس 81 ہزار 132 زائرین سعودی عرب جائیں گے۔ فوٹو: سعودی سفارت خانہ
سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی نے حج انتظامات کے حوالے سے پاکستانی حکام سے ملاقات کی ہے۔
سعودی سفارت خانے کے مطابق جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں حج زائرین کے لیے سفری سہولیات پر بات چیت کی گئی۔
سعودی سفارت خانے کی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ’نواف بن سعید المالکی نے آج (جمعرات کو) پاکستانی حجاج کرام کے لیے سفری طریقہ کار کو آسان بنانے اور حج کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مکہ روڈ انیشیٹو کے وفد اور متعلقہ پاکستانی حکام سے ملاقات کی۔‘
خیال رہے کہ دو برس کی سفری پابندیوں کے بعد سعودی عرب نے پوری دنیا کے زائرین کو سفر حج کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان رواں برس 81 ہزار 132 زائرین کو سعودی عرب بھیجے گا جن میں سے 60 فیصد کوٹہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کے لیے مختص ہے۔ اس سال سفرِ حج کے لیے عمر کی حد 65 برس مقرر کی گئی ہے۔
گزشتہ ماہ پاکستان کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ حج کے لیے جانے کے خواہشمند افراد یکم سے 13 اپریل تک اپنی درخواستیں آن لائن جمع کرا سکتے ہیں۔

شیئر: