Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عام معافی سے مستفیض ہونیوالے تارکین کے ٹریفک چالان بھی معاف ہونگے

جدہ ( ارسلان ہاشمی ) محکمہ جوازات کے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو دی جانے والی 3 ماہ کی مہلت میں ٹریفک جرمانے بھی معاف ہو نگے ۔ گاڑیوں کی ملکیت اور ٹیلی فون کنکشن ختم کرنا لازمی ہو گا ۔ اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ پاسپورٹ کے باخبر ذرائع نے بتایا کہ غیر قانونی تارکین وطن کو مملکت سے روانگی کے لئے29 مارچ 2017 سے 90 روز کی جو مہلت دی گئی ہے اس سے وہی افراد مستفیض ہوسکیں گے جو رضاکارانہ طور پر خود کو ڈیپورٹیشن سینٹر میں پیش کریں گے ۔ دوران تفتیش گرفتار کئے جانے والے افراد اس مہلت سے مستفیض نہیں ہو نگے ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ایوان شاہی سے عام معافی کے جو احکامات صادر ہوئے ہیں ان میں تمام جرمانوں کی معافی کا بھی اعلان کیا گیا ہے جس میں ٹریفک چالان کی رقم بھی شامل ہے اس لئے ایسے تارکین جن کے خلاف ٹریفک خلاف ورزیاں ہیں انہیں چاہئے کہ وہ محکمہ پاسپورٹ کے ڈیپورٹیشن سینٹر پہنچیں جہاں انکاکیس دیکھ کر فائنل ایگزٹ لگایا جائے گا جس کے بعد وہ اپنے ملک روانہ ہونگے ۔ مہلت کے حوالے سے سوال پر محکمہ پاسپورٹ کے ذرائع کاکہنا تھا کہ ایسے افراد جن کے پاس مملکت آمد کا کوئی دستاویزی ثبوت نہیں، انہیں چاہئے کہ وہ اپنے شہرو ں میں قائم ڈیپورٹیشن سینٹر ( ترحیل ) سے رجوع کریں جہاں انکے فنگر پرنٹ لیکر فائنل ایگزٹ کی کارروائی مکمل کی جائے گی ۔ ایسے افراد جو ماضی میں عمرہ ، وزٹ ، حج یا ٹرانزٹ ویزے پر آکر مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم ہو گئے ہوں اور وہ اپنے سفری دستاویزات پیش نہ کرسکیں۔وہ ائیر پورٹ جانے سے قبل ادارہ ترحیل میں قائم خصوصی سینٹر سے رجوع کریں جہاں سے کارروائی مکمل کرنے کے بعد سیٹ کنفرم کریں تاکہ کسی قسم کی دشواری میں مبتلا نہ ہوں ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ جن افراد کا ہروب لگا ہے ،ایسے تارکین جن کے اقاموں کی تجدید نہ کروائی گئی ہو یا وہ غیر ملکی جن کی کمپنیاں ریڈ کیٹگری میں ( نطاق الاحمر ) میں ہونے کی وجہ سے انکے ورک پرمٹ اور اقامو ں کی تجدید روک دی گئی ہو ایسے تارکین کی ملکیت میں گاڑی ہو یا انہوں نے ٹیلی فون کنکشن اپنے نام سے حاصل کئے ہوئے ہوں اور وہ مہلت سے مستفیض ہونا چاہتے ہیں تو ان پر لازم ہو گا کہ وہ گاڑی کی ملکیت اور ٹیلی فون کنکشن ختم کروائیں جس کے بعد انکا فائنل ایگزٹ لگ سکے گا ۔ واضح رہے مملکت سعودی عرب میں بڑی تعداد میں غیر قانونی تارکین وطن مقیم ہیں جن میں عمرہ ، وزٹ ، حج یا ٹرانزٹ ویزے پر آنے والوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے ۔ ایسے غیر قانونی تارکین پر بھاری جرمانے عائد کر کے انہیں ملک بدر کیا جاتا ہے اور انہیں 3 برس کیلئے مملکت میں بلیک لسٹ کر دیاجاتا ہے جو کسی بھی ویزے پر مقررہ مدت تک سعودی عرب نہیں آسکتے ۔ ایسے تارکین وطن کے لئے سعودی حکومت نے 3 ماہ کی مہلت کااعلان کیا ہے اس دوران جانے والے تمام سزائوں اور جرمانوںسے مستثنی ہونگے اور انہیں بلیک لسٹ بھی نہیں کیاجائیگا اور وہ دوبارہ کسی بھی ویزے پر مملکت آسکیں گے ان پر کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی ۔

شیئر: