Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس کا ہونہار طلبہ کے لیے انیشیٹو کا اعلان

عبدالرحمن السدیس نے ایوارڈ یافتہ سعودی ٹیم سے خطاب کیا ہے( فوٹو ٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن (موھبہ) کے تعاون سے ہونہارطلبہ کے لیے ایک انیشیٹو کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جنرل پریذیڈنسی اور کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن (موھبہ) کے درمیان کوآرڈینیشن کا مقصد شراکت داری یا مفاہمتی یادداشت کا معاہدہ کرنا ہے تاکہ مقامی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی، ان کی رہنمائی کی جائے اور وہ عالمی سطح کا حصہ بن سکیں۔
ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ ’جنرل پریذیڈنسی باصلاحیت اور ممتاز طلبہ کی حوصلہ افزائی کی خواہشمند ہے کیونکہ ہمارا ہدف تعلیمی نظام میں اپنی شراکت داری کو زیادہ سے زیادہ کرنا ہے‘۔
جنرل پریذیڈنسی نے رواں ماہ اٹلانٹا، جارجیا میں انٹرنیشنل سائنس اینڈ انجیئرنگ فیئرمیں 22 ایوارڈ حاصل کرنے والے طلبہ اور ان کے اہل خانہ کو جمعہ 21 مئی کو عمرے کے لیے مدعو کیا اوران میزبانی کی۔
عبدالرحمن السدیس نے جنرل پریذیڈنسی کی میزبانی میں عمرے پر آنے والی ایوارڈ یافتہ سعودی ٹیم سے خطاب کیا۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل سائنس اینڈ انجیئرنگ فیئر( آئی ایس ای ایف) 2022 میں سائنسی تحقیق اور ترقی میں جدت طرازی کی نمائش  کے سب سے بڑے مقابلے میں 80 سے زیادہ ممالک کے طلبہ نے شرکت کی اور اس میں متعدد سعودی طلبہ نے ایوارڈ حاصل کیے۔
اس موقع پر موھبہ نے دنیا کے مختلف ممالک کے 19 طلبہ و طالبات کے لیے خصوصی ایوارڈز اورانعامات کا بھی اعلان کیا تھا۔ 
اپنے خطاب میں السدیس نے طلبہ کے ان کارناموں کو سراہا اور تعلیمی شعبے کے ساتھ جنرل پریذیڈنسی کے روابط کے حوالے سے مزید بات کی۔

جنرل پریذیڈنسی کے تحت سالانہ مسابقے کا اعلان بھی کیا گیا ہے( فوٹو ٹوئٹر حرمین شریفین)

انہوں نے کہا کہ ’ہماری باصلاحیت ٹیم نے تمام سٹینڈرز کے ساتھ انٹرنیشنل سائنس اینڈ انجیئرنگ فیئر(آئی ایس ای ایف) میں 85 ملکوں کے طلبہ کو پیچھے چھوڑ کرجو کچھ حاصل کیا اسے بےمثال عالمی کامیابی سمجھا جا سکتا ہے۔ سعودی طالبات نے 22 عالمی ایوارڈ جیتے۔ بہترین پروجیکٹ ایوارڈ کےعلاوہ 15 بڑے ایوارڈ اور چھ خصوصی ایوارڈ حاصل کیے‘۔
جنرل پریذیڈنسی نے بڑی تعداد میں لوگوں کو تعلیمی مطالعہ کے لیے بھیجا ہے جس کا مقصد ان کی تعلیمی اورعلمی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ 
 انہوں نے کہا کہ ’جنرل پریذیڈنسی کے ماتحت مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی میں دو کالج کھلے ہوئے ہیں جہاں پچاس سے زیادہ ملکوں کے ایک ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں‘۔
انہوں نے جنرل پریذیڈنسی کے تحت سالانہ مسابقے کا اعلان کیا۔ اس میں باصلاحیت طلبہ شرکت کریں گے۔ مسابقے کے تحت مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کسی بھی ترقیاتی عمل کی بابت پروجیکٹ طلب کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں جنرل پریذیڈنسی اور تعلیمی شعبے کے درمیان شراکت کا بھی اعلان کیا گیا۔ اس کے تحت حرمین شریفین کی خدمت کے لیے درکار کسی بھی شعبے میں طلبہ کو رضاکارانہ خدمات فراہم کرنے کا موقع دیا جائے گا۔  

ایوارڈ جیتنے والی طالبات نے عمرہ ادا کیا ہے(فوٹو ٹوئٹر)

واضح رہے کہ عالمی نمائش سے ایوارڈ جیتنے والی طالبات کے وفد نے شکرانے کے طور پر عمرہ ادا کیا ہے۔
جنرل پریذیڈنسی کے ماتحت تعلقات عامہ کے ادارے نے وزارت تعلیم اور باصلاحیت طالبات کے وفد کے اعزاز میں مکمل پروگرام کا انعقاد کیا۔
انتظامیہ نے انہیں جمعہ کی نماز اپنے اہتمام میں ادا کرائی۔ انہیں غلاف کعبہ کمپلیکس لے جایا گیا جہاں انہوں نےغلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لیا۔
طالبات کے وفد کے ہمراہ وزارت تعلیم کے اعلی عہدیدار اور طالبات  کے سرپرست بھی تھے۔ 

شیئر: