Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس

السدیس مئی 2012 سے وزارتی عہدے پر فائز ہیں(فوٹو ٹوئٹر)
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس مئی 2012 سے وزارتی عہدے پر فائز ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ڈاکٹر السدیس نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں اب تک کے سب سے بڑے رمضان آپریشنز میں سے ایک کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس 1962 میں ریاض میں پیدا ہوئے جہاں انہوں نے مدرسہ المثنی بن حارثہ الاابتدایہ میں داخلہ لیا۔
انہوں نے ریاض سائنٹفک انسٹی ٹیوٹ میں بھی تعلیم حاصل کی اور1979 میں وہاں سے گریجویشن کیا۔
1983 میں انہوں نے ریاض میں قائم کالج آف شریعہ سے بیچلرکی ڈگری حاصل کی جہاں وہ اسلامی فقہ کے بنیادی اصولوں کے شعبہ میں لیکچرار بھی مقرر ہوئے۔
ڈاکٹر السدیس نے 1988 میں امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی کے کالج سے اسلامی فقہ میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی اور پھر مکہ کی ام القریٰ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی۔
1996 میں انہیں یونیورسٹی کے کالج آف شریعہ میں اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر ترقی دی گئی۔
ڈاکٹر السدیس 2004 میں ام القرا یونیورسٹی کے اعلیٰ شریعہ سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ میں ایسوسی ایٹ پروفیسر اور تدریسی عملے کے رکن بن گئے۔ پانچ سال بعد انہیں اسی یونیورسٹی میں اسلامی فقہ کا پروفیسر بنا دیا گیا۔
ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے 12 سال کی عمر میں پورا قرآن حفظ کر لیا تھا۔
کالج آف شریعہ سے فارغ التحصیل ہونے کے ایک سال بعد وہ مسجد الحرام میں امام مقرر ہوئے۔
انہوں نے 15 جون 1984 کو مسجد الحرام میں اپنا پہلا جمعہ کا خطبہ دیا۔

شیئر: