Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر صحت کا عازمین حج کے لیے طبی انتظامات کا جائزہ

امراض سے بچاؤ کا پلان تیار  ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے بدھ کو منی، مزدلفہ اورعرفات میں ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز کا دورہ کرکے عازمین حج کے لیے صحت کے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر صحت نے اس موقع پر کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی حکومت حجاج کی صحت و سلامتی کے لیے بہترین صحت کے انتظامات کررہی ہے۔ 

حج پر آنے والوں کوعلاج اور ابتدائی طبی امداد کے انتظامات ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

فہدالجلاجل نے کہا کہ وزارت صحت نے اس سال مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، منی، مزدلفہ اور عرفات میں ہیلتھ سینٹرز اور ہسپتالوں کا ایک جال قائم کیا ہے۔ اس کے ذریعے حج پر آنے والوں کو امراض سے بچاؤ، علاج اور ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ حج سیزن میں امراض سے بچاؤ کا پلان تیار  ہے۔ اس کے تحت وبائی امراض سے بچاؤ کی تدابیر اور متعدی امراض سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرلیے گئے ہیں۔ 

180 ایمبولینسں زائرین کی خدمت پر مامور ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

وزیر صحت نے میدان عرفات کے مشرق میں واقع ہسپتال، جبل الرحمہ ہسپتال، نمرہ ہسپتال،عرفات میں ہیلتھ سینٹر، منی الوادی ہسپتال، منی الجسر ہسپتال، منی میں ایمرجنسی ہسپتال اور ہیلتھ سینٹرز۔ منی الشارع الجدید ہسپتال اور کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کا بھی دورہ کیا۔ 
وزیر صحت مکہ مکرمہ ہلال احمر کے دفتر بھی گئے جہاں انہوں نے حج پر آنے والوں کے لیے صحت انتظامات اور طبی لوازمات کا معائنہ کیا۔ 

منی میں جمرات کے پل پر17 ایمرجنسی ہیلتھ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

یاد رہے  کہ وزارت صحت نے اس سال  حج موسم کے موقع پر25 ہسپتال، 156 ہیلتھ سینٹرز قائم کیے ہیں۔ ان میں بستروں کی گنجائش بڑھا کر 5 ہزار کردی گئی ہے۔ یہ سہولتیں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، منی، مزدلفہ اور عرفات میں حج پر آنے والوں کو مہیا ہوں گی۔
مشاعر مقدسہ ٹرین اور حرمین ایکسپریس ٹرین میں بھی میڈیکل پوائنٹ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ حرم شریف کے اطراف صحت انتظامات بڑھا دیے گئے ہیں۔ 180 ایمبولینسں زائرین کی خدمت پر مامور ہیں جبکہ منی میں جمرات کے پل پر 17 ایمرجنسی ہیلتھ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

 

 

شیئر: