عیدالفطر کی آمد قریب، مکہ کے بازار چاکلیٹس اور مٹھائیوں سے سج گئے
جیسے جیسے عیدالفطر قریب آ رہی ہے مکہ مکرمہ کے بازار چاکلیٹ اور عید کی روایتی مٹھائیوں سے سج گئے ہیں۔
بہبت سے خریدار لگژری چاکلیٹس، مشرقی و مغربی کنفیکشنری اور عید کی مناسبت سے خاص طور پر ڈیزائن کردہ گفٹ باکسز کی تلاش میں ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ ’رمضان کے آخری عشرے میں چاکلیٹس اور مٹھائیوں کی ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے، فیملیز ہرسال کی طرح اس برس بھی عید کی صبح روایتی مہمان نوازی کی تیاری کر رہی ہیں۔‘

عید کے تہوار پر چاکلیٹ اور مٹھائیوں کی ڈیمانڈ کو پورا کرنے کے لیے مختلف قسم کی مصنوعات تیار کی گئی ہیں جس میں گری دار میوے اور کھجور سے بھری چاکلیٹ اور دیگر اشیا شامل ہیں۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ ’یہ عید کے تہوار کا ایک لازمی حصہ ہے۔ خوبصورت گفٹ باکسز میں چاکلیٹ اور مٹھائیاں مہمانوں کو پیش کی جاتی ہیں اور انہیں تحفے کے طور پر دی جاتی ہیں۔‘
یاد رہے مملکت میں عیدالفطر پر چاکلیٹ اور روایتی مٹھائیوں کی فروخت میں عام دنوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔

لگژری چاکلیٹ سب سے زیادہ فروخت ہونے والی مصنوعات میں شامل ہیں جو مہمان نوازی اور تحائف کے لیے خریداری کا ایک اہم حصہ ہیں۔
نماز عید سے قبل مساجد آنے والے بچوں میں بھی چاکلیٹس اور مٹھائیاں تقسیم کی جاتی ہیں جو سعودی روایات کا حصہ ہیں۔
