Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہنگامہ کرنیوالے مسافر پر جرمانے کی تجویز ہے ،ائیر انڈیا

نئی دہلی... قومی فضائی کمپنی ائیر انڈیا نے پرواز میں ہنگامہ کرنے والے مسافر پر جرمانہ کرنے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ۔ائیرانڈیا کے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ پروازوں میں ہنگامہ کرنے اور تاخیر کا سبب بنانے والوں پر 15لاکھ روپے تک جرمانہ کرنے کا امکان ہے ۔ گزشتہ ماہ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ رویندر گائیکواڈ نے پرواز کے دوران ائیر انڈیا کے ایک ملازم پر جوتوں سے تشدد کیا تھا جس کے بعد ائیرانڈیا نے ایسے سرکش مسافروں کی سرزنش کے لئے جرمانے کی تجویز رکھی تھی۔ ذمہ دار نے بتایا کہ سب سے اہم معاملہ پرواز میں تاخیر کا ہوتا ہے جسسے دوسرے مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرواز کے کسی بھی سرکش یا بدتمیز مسافر کو سزا دینا ضروری ہے کیونکہ ان کے ہنگامے کی وجہ سے پروازیں تاخیر کا شکار ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جرمانے کی تجویز جو ابھی زیرغور ہے اس سرکش مسافر پر 5لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا جس کے ہنگامے سے پرواز میں ایک گھنٹہ کی تاخیر ہوئی۔ اگر تاخیر کا دورانیہ ایک سے دوگھنٹے کے دوران ہے تو پھر مسافر پر 10لاکھ روپے جرمانہ ہو گا۔ یہی دورانیہ اگر 2گھنٹے سے زائد ہو جاتا ہے تو پھر 15لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سردست تو پرواز میں تاخیر کے وقت کے مطابق جرمانے کی شرح بڑھانے کا عمل زیر غور ہے لیکن اگر صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے تو پھر جرمانے کی رقم کے ساتھ سرکش مسافر کو گرفتار کر کے اسے عدالت میں پیش کرنے نیز سزائے قید کی گنجائش بھی رکھی جائے گی۔ انہو ںنے کہا کہ گائیکواڈ کے معاملے پر جس طرح ائیر انڈیا کو نقصان اور بدنامی کا سامنا کرنا پڑا۔ آئندہ اس طرح کے واقعات روکنے کیلئے یہ ضروری ہو گیا کہ پرواز میں بدامنی پھیلانے والوں یا عملے کے کسی رکن پر حملہ کرنے کی صورت میں سزا اور جرمانے دونوں ہی کئے جائیں۔

 

شیئر: