Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خود پہ ہلدی لگی تو سنور گئی میں‘، انڈین لڑکی نے خود سے شادی کرلی

کشما بندو نے پانچ وعدے بھی لکھے جو شادی کے دوران خود سے کیے۔ فوٹو: کشما بندو انسٹاگرام
انڈیا کی ریاست گجرات میں خود سے شادی کرنے والی کشما بندو نے اپنی شادی کی تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق جمعرات کو انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں اُن کو سہیلیوں کے ہمراہ ہلدی، مہندی اور شادی کی تقریب منعقد کرتے دکھایا گیا ہے۔
تصاویر کے ساتھ پوسٹ کی گئی تحریر میں انہوں نے لکھا کہ ’خود پہ ہلدی لگی تو سنور گئی میں، خود سے اک رشتے میں بندھ گئی میں۔‘
کشما نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ خود سے شادی کر رہی ہیں۔
اس اعلان کے بعد انڈیا میں حکمران جماعت بی جے پی کے ایک رہنما نے کہا تھا کہ کشما بندو کو کسی بھی مندر میں شادی کی تقریب کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کسی بھی مشکل یا مخالف صورتحال سے بچنے کے لیے کشما بندو نے بتائی گئی تاریخ سے چند دن قبل ہی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا۔
مہندی اور شادی کی تصاویر میں کشما بندو نے فلورل جیولری کے ساتھ سرخ اور زرد ساڑھی پہن رکھی ہے۔ 

کشما نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ خود سے شادی کر رہی ہیں۔ فوٹو: کشما بندو انسٹاگرام

قبل ازیں اپنی اس منفرد شادی کے حوالے سے کشما بندو کا کہنا تھا ’میں شادی نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن دلہن بننا چاہتی تھی۔ تو میں نے خود سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔‘
انہوں نے یہ جاننے کے لیے آن لائن ریسرچ کی کہ کیا انڈیا میں کسی خاتون نے اس طرح کی شادی کی تھی لیکن انہیں کوئی حوالہ نہ مل سکا۔
کشما بندو کے مطابق ’شاید میں وہ پہلی ہوں جس نے خود سے محبت کی مثال قائم کی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’خود سے شادی اپنی ذات سے ایک عہد اور خود سے غیرمشروط محبت ہے۔ یہ خود کو قبول کرنے کا ایک عمل بھی ہے۔ لوگ کسی شخص سے محبت کے لیے شادی کرتے ہیں۔ میں خود سے پیار کرتی ہوں اس لیے یہ شادی کر رہی ہوں۔‘
کشما بندو نے پانچ وعدے بھی لکھے جو شادی کے دوران خود سے کیے۔

شیئر: