Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لیے کوششیں، جدہ میں تقریب

سفیر پاکستان نے سعودی مارکیٹ میں وسیع تر رسائی کے امکانات کو اجاگر کیا۔( فوٹو: قونصلیٹ)
پاکستان قونصلیٹ جدہ نے ایک بی ٹو بی نیٹ ورکنگ تقریب کا انعقاد کیا جس میں سعودی فوڈ شو 2026 میں حصہ لینے والے پاکستانی نمائش کنندگان اور سعودی عرب کے نمایاں خریداروں، امپوٹرزاور ڈسٹری بیوٹرز کو یکجا کیا گیا۔
یہ ایونٹ مملکت میں پاکستان کی زرعی مصنوعات کے فروغ اور دوطرفہ تجارت کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اس تقریب نے پاکستانی کمپنیوں کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے، کاروباری شراکت داری کے امکانات تلاش کرنے کے ساتھ سعودی عرب کی مارکیٹ تک رسائی بڑھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا۔
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے اپنے خطاب میں اعلی معیار کی پاکستانی مصنوعات کی متنوع رینج  کے ساتھ  سعودی مارکیٹ میں ان کی وسیع تر رسائی کے امکانات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے پاکستانی برآمد کنندگان کی سپورٹ اور سعودی شراکت داروں کے ساتھ کاروباری روابط کو مضبوط بنانے کے لیے سفارتخانے اور قونصلیٹ کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

قونصل جنرل سید مصطفی ربانی نے پاکستانی برآمد کنندگان اور سعودی کاروباری شعبے کے درمیان پائیدار تجارتی شراکت داری کو فروغ دینے میں براہ راست بزنس ٹو بزنس رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
یاد رہے سعودی اتھارٹی فار انڈسٹریل سٹیز اور ٹیکنالوجی زونز ’مدن‘ کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کے تحت منعقد ہونے والی ان دونوں نمائشوں میں 37 اطالوی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔
ان میں سے 17 کمپنیاں خوراک اور زرعی مصنوعات پیش کر رہی ہیں جبکہ 20 کمپنیاں خوراک اور مشروبات کی مینوفیکچرنگ کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز اور سلوشنز پیش کر رہی ہیں۔

35 سے زائد پویلینز کے ساتھ، ان نمائشوں میں پاکستان، ترکیہ، انڈیا، اردن، امریکہ، ازبکستان، تیونس اور اٹلی سمیت مختلف ممالک سے شرکا نے حصہ لیا ہے۔
سعودی عرب غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے، مقامی مینوفیکچرنگ کو وسعت دینے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے وژن 2030 کے اہداف پر گامزن ہے۔ مملکت 2035 تک اپنی فوڈ انڈسٹری میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا ہدف رکھتی ہے۔

 

شیئر: