سعودی عرب کی اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے نمائندوں کے اجلاس میں شرکت کی تردید
ایک سعودی ذریعے نے بتایا ک گردش کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
سعودی عرب نے منگل کو ان خبروں کی تردید کی ہے کہ مملکت کے نمائندوں نے ہفتے کے آخر میں ابوظبی میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں شرکت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اسرائیلی صحافی ڈرور بالا زادہ نے پیر کو سوشل میڈیا پر پوسٹ میں دعوی کیا تھا کہ نیتن یاہو کی شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کے بعد سعودی نمائندے ایک وسیع اجلاس میں شامل ہوئے جس میں مبینہ طور پر سکیورٹی تعاون، ایرانن، حوثیوں اور علاقائی دفاعی نظام پر توجہ مرکوز کی گئی۔
ایک سعودی ذریعے نے عرب نیوز کو بتایا کہ اجلاس میں سعودی نمائندے کی موجودگی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق نیتن یاہو نے اتوار کو ابوظبی کا دورہ کیا اور امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی۔
اس میں دوطرفہ تعلقات، انہیں مضبوط بنانے اور ترقی دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تین سینیئر اسرائیلی حکم نے روئٹرز کو بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات چھ گھنٹے تک جاری رہی اور اس میں ایران پر توجہ مرکوز کی گئی۔
