Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی عازمین کی رجسٹریشن بند ہونے میں 48 گھنٹے باقی

پہلے حج نہ کرنے والے عازمین کو اولیت دی گئی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت حج وعمرہ کے پورٹل پر داخلی عازمین حج کی رجسٹریشن بند ہونے میں 48 گھنٹے باقی رہ گئے ہیں۔ رجسٹریشن بند ہونے کے بعد ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی جائے گی۔
سبق نیوز کے مطابق اس سال مملکت میں مقیم غیرملکی اور سعودی شہریوں کے لیے محدود پیمانے حج رجسٹریشن کا آغاز گزشتہ ہفتے سے کیا گیا تھا جس کی آخری تاریخ 9 جون بتائی گئی ہے۔
داخلی عازمین حج کی رجسٹریشن کی شرائط میں اولیت ایسے درخواست گزاروں کو دی گئی ہے جنہوں نے اس سے قبل فریضہ حج ادا نہ کیا ہو۔
امسال انتہائی عمر کی حد 65 برس مقرر کی گئی ہے جبکہ ویکسینیشن کا کورس مکمل کرنا بھی بنیادی شرائط میں شامل ہے۔ داخلی عازمین کی رجسٹریشن کی سہولت وزارت حج وعمرہ کی ویب سائٹ کے علاوہ ’اعتمرنا‘ ایپ پر بھی فراہم کی گئی ہے۔
داخلی عازمین کے لیے رواں برس تین پیکیج متعارف کرائے گئے ہیں جن میں ’منی ٹاورز‘ ، ’ضیافہ ون ‘ اور ’ضیافہ ٹو‘ شامل ہیں۔ منی ٹاورز کا پیکیج 14 ہزار 737 ریال فی کس مقرر کیا گیا ہے جبکہ دوسرے درجے میں ضیافہ ون کا پیکیج 13 ہزار 43 اور تیسری کٹیگری کے لیے 10 ہزار 238 ریال مقرر کیے ہیں۔

شیئر: