Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی عازمین کی رجسٹریشن، 3 لاکھ درخواستیں موصول

داخلی عازمین کی رجسٹریشن گیارہ جون تک جاری رہے گی( فوٹو ٹوئٹر: حرمین شریفین)
سعودی وزارت حج وعمرہ کے سیکریٹری ہشام سعید نے کہا ہے کہ ’داخلی عازمین کی رجسٹریشن کے پہلے دن 3 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔‘
العربیہ ٹی وی کے پروگرام ’نشرہ الرابعہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری حج وعمرہ نے کہا کہ ‘اس سال داخلی عازمین کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 65 برس رکھی گئی ہے جبکہ کورونا ویکسینیشن بھی بنیادی شرائط کا حصہ ہیں۔‘ 
‘اس سال بھی ان داخلی عازمین کو اولیت دی جائے گی جنہوں نے پہلے فریضہ حج ادا نہ کیا ہواور وہ پہلی بار حج کی سعادت حاصل کر رہے ہوں۔‘ 
علاوہ ازیں سعودی وزارت حج وعمرہ نے داخلی عازمین کی رجسٹریشن اور طریقہ انتخاب کے حوالے سے کہا ہے کہ رجسٹریشن کی مدت ختم ہونے کے بعد ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی جائے گی۔
رجسٹریشن 11 جون تک جاری رہے گی جس کے بعد کسی درخواست کو قرعہ اندازی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ 
اخبار 24 کے مطابق وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ گیارہ جون کو داخلی عازمین حج کی رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد درخواستوں کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی جائے گی۔ 
وزارت حج کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں داخلی عازمین کے طریقہ انتخاب کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ عازمین کی رجسٹریشن وزارت حج کی ویب سائٹ اور ’اعتمرنا‘ ایپ پربھی جاری ہے۔ 
کامیاب امیدواروں کو وزارت کی جانب سے مطلع کیا جائے گا۔ امیدوار اپنا مطلوبہ حج پیکیج کا انتخاب کرکے اس کی ادائیگی کرے گا جس کے بعد اسے ابشر کے ذریعے حج پرمٹ جاری کیا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ داخلی عازمین کےلیے 14 ہزار سے 10 ہزار ریال تک کے پیکیج مقرر کیے گئے ہیں۔
 وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ مملکت کے شہری اور مقیم غیرملکی جو امسال حج کرنے کے خواہاں ہیں وہ وزارت کی ویب سائٹ یا اعتمرنا ایپ کے ذریعے حج درخواستیں اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سال اندرون وبیرون مملکت سے مجموعی طورپر10 لاکھ افراد کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔
وزارت کی جانب سے حج  کےلیے زیادہ سے زیادہ 65 برس عمر کی حد مقرر کی گئی ہے جبکہ کووڈ ویکسینیشن کی شرط بھی موجود ہے۔

شیئر: