Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صومالیہ کی طرف سے سعودی امدادی ایجنسی کو انسانی خدمات پر تمغہ

شاہ سلمان مرکز کے افریقہ میں ڈائریکٹر نے تمغہ وصول کیا(فوٹو ایس پی اے)
صومالیہ کے وزیر اعظم محمد حسین روبیل نے سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کو صومالیہ کے تمغہ برائے اعزاز سے نوازا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کو یہ ایوارڈ  ’مرکز کی کوششوں، تیز رفتار ردعمل اور صومالیہ میں خشک سالی سے متاثرہ بے گھر افراد کو فوری امداد فراہم کرنے کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے افریقہ میں ڈائریکٹر یوسف الرحمہ نے یہ تمغہ وصول کیا۔
صومالیہ کے وزیر اعظم محمد حسین روبیل نے صومالیہ میں مملکت کے سفیر احمد بن محمد صالح المولید کو سابق سعودی سفیر ڈاکٹر محمد عبدالغنی خیاط کی کوششوں کے اعتراف میں تمغہ امتیاز بھی پیش کیا۔

شاہ سلمان مرکز مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا(فوٹو ایس پی اے)

محمد حسین روبیل نے صومالیہ میں مملکت کے سفیر احمد بن محمد صالح المولید اور شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے افریقہ میں ڈائریکٹر یوسف الرحمہ کے ساتھ انسانی اور امدادی امور اور تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
صومالیہ کے وزیر اعظم نے صومالیہ کو فراہم کی جانے والی مجموعی مدد کے لیے شاہ سلمان، ولی عہد محمد بن سلمان اور شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کا شکریہ ادا کیا۔
صومالیہ میں مملکت کے سفیر احمد بن محمد صالح المولید نے اس اعزاز پر وزیر اعظم اور صومالی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور مختلف شعبوں میں صومالیہ کے عوام کے لیے مملکت کی مسلسل حمایت پر زور دیا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 83 ممالک میں مختلف قسم کے  1997 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر 5.5  بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔

شیئر: